امریکہ نے وینزویلا کے ایک جہاز پر فوجی حملہ کر دیا ہے۔ اس حملے میں 11 لوگوں کی موت ہو گئی۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ خود اس حملے کی جانکاری دی۔
ٹرمپ نے کہا کہ آج صبح میرے حکم پر امریکی فوجی دستوں نے ساؤتھ کام علاقے میں ٹرین ڈی اراگوا نارکو گینگ پر فوجی کارروائی کی۔ ٹی ڈی اے ایک غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے جو نکولس مادورو کے کنٹرول میں کام کرتا ہے اور جس نے اجتماعی قتل، نشیلی اشیا کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور امریکہ اور پورے مغربی نصف کرہ میں تشدد اور دہشت گردی کے واقعات کو انجام دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی اس معاملے میں امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ جہاز ایک نارکو دہشت گرد تنظیم کا حصہ تھا۔ وہ میکسیکو اور ایکواڈور کے سفر پر جانے سے پہلے اس معاملے پر بات کر رہے تھے۔ حال ہی میں امریکہ نے وینزویلا کے پانی میں اپنی بحری طاقت بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ لاطینی امریکی ڈرگس اسمگلروں سے نپٹا جا سکے۔
دوسری طرف وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکہ پر ان کی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے یکم ستمبر کو کہا تھا کہ ٹرمپ حکومت فوجی دھمکیوں کے ذریعہ وینزیلا میں حکومت بدلنا چاہتی ہے۔ مادورو نے یہ بھی کہا کہ اگر امریکہ حملہ کرتا ہے تو وہ فوج سمیت پورے عوام کو ہتھیار اٹھانے کو کہیں گے۔
واضح رہے کہ موجودہ وقت میں امریکی بحریہ کی ایک بڑی ٹکڑی کیریبین میں تعینات ہے جو اس جگہ کے پاس ہے جہاں سے وینزیلا کے جہاز پر حملہ کیا گیا۔ 4500 میرینز کے ساتھ 4 تباہ کن اور ٹام ہاک کروز میزائلوں کو تعینات کیا گیا ہے۔