ایک طرف 12 جون کو احمد آباد میں ایئر انڈیا کا مسافر طیارہ خوفناک حادثہ کا شکار ہو گیا، دوسری طرف 13 جون کو تھائی لینڈ سے دہلی آ رہے ایئر انڈیا کے ایک دیگر مسافر طیارہ کو بم سے اڑانے کی دھمکی نے ہلچل پیدا کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بم کی دھمکی ملنے کے بعد اس مسافر طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی، اور سبھی مسافروں کو بہ حفاظت باہر نکالا گیا۔
فلائٹ ٹریکر فلائٹ رڈار 24 کے مطابق طیارہ نے جمعہ کو صبح 9.30 بجے پھوکیت ہوائی اڈہ سے ہندوستان کی راجدھانی دہلی کے لیے پرواز بھری تھی۔ اسے 12.40 بجے دہلی میں اترنا تھا، لیکن انڈمان سمندر کے چاروں طرف چکر لگاتے ہوئے طیارہ 11.40 بجے واپس پھوکیت بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر اتر گیا۔ طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد افسران نے پورے طیارہ کو خالی کرایا اور جانچ شروع کر دی۔