اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی حال ہی میں نمائندہ وفد کے ساتھ سعودی عرب اور کویت جیسے عرب ملکوں کے دورہ پر تھے۔ جہاں انہوں نے عالمی منچ پر ہندوستان کا موقف مضبوطی سے پیش کیا ساتھ ہی دہشت گردی کو لے کر پاکستان کے جھوٹ کی پول کھول کر رکھ دی۔ اویسی کے اس انداز نے ملک بھر میں خوب سرخیاں بٹوریں۔ اب وہ اپنے وفد کے ساتھ ہندوستان واپس آ گئے ہیں جہاں حیدر آباد پہنچنے پر ان کا بہترین انداز میں استقبال ہوا۔
اویسی کے استقبال کے لیے حیدر آباد میں ان کے پوسٹر لگائے گئے۔ اے آئی ایم آئی ایم کارکنان نے پارٹی سربراہ اور حیدر آباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خیرمقدم کے لیے شہر کے کئی میٹرو اسٹیشن کے ستون پر ان کی تصویریں چسپاں کروائیں۔ ان پوسٹروں میں اویسی کی تعریف میں نعرے بھی تحریر تھے۔ پوسٹر میں لکھا تھا، ’’دہشت گردی کے خلاف کھڑا ایک شخص، پاکستان کے خلاف کھڑا ایک سچ، فخر کے ساتھ… بھارت کے دشمن کو بے نقاب کیا۔‘‘

تصویر ’انسٹا گرام‘
پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے اویسی نے کہا تھا کہ پاکستان جھوٹی تشہیر کرتا ہے کہ ہندوستان اس پر اس لیے حملے کر رہا ہے کیونکہ وہ مسلم ملک ہے جبکہ ایسا بالکل بھی نہیں ہے۔ اویسی نے کہا کہ ہندوستان میں 24 کروڑ مسلم ہندوستانی فخر کے ساتھ رہتے ہیں۔