نئی دہلی: کانگریس کے سینئر لیڈر اور اے آئی سی سی کے میڈیا و پبلسٹی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا نے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد کانگریس اور بی جے پی کے ردعمل کا تفصیلی موازنہ پیش کیا ہے۔ اپنی ایکس پوسٹ میں کھیڑا نے بی جے پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے اقدامات پاکستان کے ان مقاصد کو پورا کرتے ہیں جو وہ اس حملے سے حاصل کرنا چاہتا تھا۔
پون کھیڑا نے اپنی پوسٹ میں نشاندہی کی کہ پہلگام حملے کے بعد گزشتہ چار دنوں میں کانگریس اور بی جے پی کے رویے میں نمایاں فرق رہا۔ انہوں نے کہا:
– راہل گاندھی زخمیوں سے ملاقات کے لیے کشمیر گئے۔
– وزیراعظم نریندر مودی انتخابی مہم چلانے بہار چلے گئے۔
– کانگریس نے بحران کی اس گھڑی میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔
– بی جے پی نے ایک شہید کی لاش اور اس کی بیوہ کا کارٹون بنایا۔
– کانگریس نے آل پارٹی میٹنگ کی مانگ کی۔
– بی جے پی نے آل پارٹی میٹنگ کے حوالے سے جھوٹ بولا۔
– کانگریس نے حکومت سے پاکستان کو سخت جواب دینے کا مطالبہ کیا۔
– بی جے پی نے اس حملے کی ذمہ داری ملک کے عوام میں مبینہ طور پر حب الوطنی کی کمی پر ڈال دی۔
پون کھیڑا نے مزید کہا کہ پاکستان اس حملے کے ذریعے کشمیریوں کی روزی روٹی پر وار کرنا اور ہندوستان میں ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان خلیج بڑھانا چاہتا تھا۔ ان کے مطابق، حملے کے فوری بعد آر ایس ایس سے وابستہ تنظیموں نے ایسے اقدامات کیے جو پاکستان کی حکمت عملی کے عین مطابق تھے — جیسے ملک بھر میں کشمیری طلبہ کو دھمکیاں دینا اور مسلمانوں کے خلاف زہریلے بیانات دینا۔