راجکوٹ: پولیس نے ٹی آر پی گیم زون واقعہ کے ایک اور مفرور ملزم کو راجستھان کے سروہی ضلع کے آبو روڈ سے گرفتار کر لیا۔ اس معاملے میں اب تک 4 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پولیس نے واقعے میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔
گجرات پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ حادثے سے متعلق ملزم راجستھان میں ہو سکتا ہے۔ پیر کی رات تقریباً 8 بجے پالن پور (گجرات) کی لوکل کرائم برانچ (ایل سی بی) کی ٹیم نے آبو روڈ سٹی پولیس کی مدد سے صدر بازار میں واقع کپڑے کی دکان پر چھاپہ مارا اور ملزم دھول بھائی ولد بھرت بھائی ٹھاکر کو یہاں سے حراست میں لیا۔ اسے سٹی پولیس اسٹیشن لایا گیا اور یہاں سے پالن پور کرائم برانچ کی ٹیم اسے راجکوٹ لے گئی۔
قابل ذکر ہے کہ راجکوٹ کے ایک غیر قانونی طور پر چلنے والے گیم زون میں لگنے والی زبردست آگ میں 12 بچوں سمیت 28 افراد کی موت ہو گئی تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے کئی افراد اب بھی اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔ گجرات پولیس نے اس معاملے میں 7 لوگوں کو ملزم بنایا ہے۔ ان میں دھول ٹھکر، اشوک سنگھ جڈیجہ، کریت سنگھ جڈیجہ، پرکاش چند ہیرن، راہل راٹھوڈ، یووراج سنگھ سولنکی اور منیجر نتن جین شامل ہیں۔
پولیس نے حادثے کے بعد 2 ملزمان یوراج، راہل اور نتن جین کو گرفتار کیا تھا۔ انہیں پیر کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انہیں 14 دن کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا۔ پولیس دیگر ملزمان کی تلاش کر رہی ہے۔ پولیس کو خدشہ تھا کہ ملزمان گجرات سے متصل راجستھان میں جا سکتے ہیں، اس لیے دونوں ریاستوں کی سرحدوں سے متصل پولیس اسٹیشنوں میں الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ پیر کو گجرات ہائی کورٹ نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا اور راج کوٹ میونسپل کارپوریشن کو سخت سرزنش کی۔ عدالت نے اس کے لیے کارپوریشن کمشنر کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کی ہے۔ عدالت نے کہا تھا کہ گیم زون تین سال سے زیادہ عرصے سے کارپوریشن کی ناک کے نیچے غیر قانونی طور پر چلائی جا رہی تھی لیکن کارپوریشن نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسی طرح عدالت نے پولیس کی سرزنش بھی کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ پولیس کو غیر قانونی طور پر چلنے والی گیم زون کے بارے میں کیوں نہیں پتہ چلا کہ سب سو رہے ہیں یا آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ غیر قانونی طور پر چلنے والی گیم زون کے پاس فائر این او سی بھی نہیں تھا۔ وہ گیم زون کے لیے مقرر کردہ بہت سے معیارات پر پوری نہیں اتر رہی تھی لیکن انتظامیہ نے اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔