مہاراشٹر کے احمد نگر واقع پروَرا ندی میں غرقاب دو بچوں کی تلاش میں نکلی ایس ڈی آر ایف جوانوں کی ٹیم سے بھری کشتی آج ڈوب گئی۔ اس حادثہ میں کشتی پر سوار تین جوانوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ دو افراد کی تلاش ہنوز جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ندی میں پانی کے تیز بہاؤ کے سبب کشتی پلٹ گئی اور یہ حادثہ پیش آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بچوں کے ڈوبنے کی خبر ملنے کے بعد موقع پر ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بلائی گئی۔ چلائی گئی تلاشی مہم کے دوران ایک بچے کی لاش برآمد بھی ہوئی اور دوسری لاش کی تلاش جاری تھی۔ ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے 23 مئی کی صبح 6 بجے سے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ اس پورے واقعہ میں مجموعی طور پر اب تک 5 افراد کی موت ہو گئی ہے جس میں دو بچے اور تین جوان شامل ہیں۔ دو جوان زخمی بھی ہوئے ہیں جن کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
دراصل کچھ دن قبل ندی میں گاؤں کے دو بچے ڈوب گئے تھے۔ ایس ڈی آر ایف کے جوانوں نے اس ندی میں ڈوبے بچوں کی تلاش شروع کر دی۔ اس دوران پشتہ سے پانی چھوڑے جانے کے سبب ندی کا بہاؤ تیز ہو گیا۔ پانی کی رفتار تیز ہونے سے کشتی بے قابو ہو گئی اور پلٹ گئی۔ یہ حادثہ اکولے تعلقہ کے سگاؤں گاؤں کے پاس ہوا۔
حادثہ کی جانکاری ملنے کے بعد سابق وزیر خزانہ بالاصاحب تھوراٹ موقع پر پہنچے۔ انھوں نے انتظامیہ کو لاپتہ لوگوں کی تلاش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ شیلیش کمار ہنگے نے بتایا کہ ندی میں لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش چل رہی ہے۔ جلد ہی انھیں تلاش کر لیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ میں پرکاش نانا شندے، کانسٹیبل راہل گوپی چند پاورا، ڈرائیور ویبھو سنیل واگھ کی موت ہوئی ہے۔ کانسٹیبل پنڈھری ناتھ پوار اور اشوک ہمت راؤ پوار کو اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا ہے۔