نئی دہلی: کانگریس پارٹی کی جانب سے رائے بریلی اور امیٹھی کی روایتی سیٹوں سے امیدواروں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پارٹی نے راہل گاندھی کو رائے بریلی سے اپنا امیدوار قرار دیا ہے۔ جبکہ امیٹھی سے کشوری لال شرما میدان میں اتارا گیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے جمعہ کے روز دونوں امیدواروں پر مشتمل اپنی نئی فہرست جاری کر دی۔
رائے بریلی سے سونیا گاندھی رکن پارلیمنٹ تھیں، جو اب راجیہ سبھا کے لئے منتخب ہو گئی ہیں۔ ان کی جگہ پر اس مرتبہ راہل گاندھی یہاں سے مقابلہ کریں گے۔ راہل گاندھی اب تک امیٹھی سے الیکشن لڑتے رہے ہیں لیکن اس مرتبہ انہیں رائے بریلی سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ جبکہ امیٹھی سے امیدوار بنائے گئے کشوری لال شرما پہلی بار انتخابی میدان میں اتریں گے۔
امیٹھی سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی ایک بار پھر انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ رائے بریلی سے بی جے پی نے دنیش پرتاپ سنگھ کو دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔ دنیش 2019 کے انتخابات ہار گئے تھے۔ 2019 میں کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے رائے بریلی سے کامیابی حاصل کی تھی۔
امیٹھی سیٹ پر 2014 اور 2019 میں راہل گاندھی اور اسمرتی ایرانی کے درمیان انتخابی مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ راہل نے 2014 میں کامیابی حاصل کی تھی، وہیں 2019 میں اسمرتی ایرانی نے الٹ پھیر کرتے ہوئے پہلی بار جیت حاصل کی۔ اس بار کانگریس نے امیٹھی میں تبدیلی کرتے ہوئے اپنے قریبی ساتھی کشوری لال شرما کو میدان میں اتارا ہے۔
راہل گاندھی نے پہلی بار 2004 میں امیٹھی سیٹ سے الیکشن جیتا تھا۔ اس کے بعد وہ وہاں سے 2019 تک مسلسل تین بار رکن اسمبلی رہے۔ راہل اس وقت کیرالہ کی وایناڈ سیٹ سے رکن پارلیمنٹ ہیں اور اس بار بھی وہ وائناڈ سے امیدوار ہیں۔ وہاں دوسرے مرحلے میں ووٹنگ ہوئی چکی ہے۔