مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل معاملہ کا ماسٹر مائنڈ گولڈی براڑ اب اس دنیا میں نہیں رہا۔ ایک امریکی نیوز چینل کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گولڈی براڑ کا امریکہ میں کسی نے گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ اس تعلق سے ابھی تک کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن ’امر اجالا‘ پر شائع خبر کے مطابق ڈلّا-لکھبیر گینگ نے گولڈی براڑ کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گینگسٹر ستندرجیت سنگھ عرف گولڈی براڑ کو مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔ اس کی پیدائش 1994 میں پنجاب کے مکتسر صاحب ضلع میں ہوئی تھی اور براڑ کے والد پنجاب پولیس سے ریٹائرڈ ڈپٹی انسپکٹر رہے ہیں۔ پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد گولڈی براڑ کا نام سرخیوں میں آیا تھا، حالانکہ اس سے قبل بھی وہ کئی واردات کو انجام دے چکا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ چچازاد بھائی گرلال براڑ کے قتل کے بعد گولڈی براڑ نے جرم کی دنیا میں قدم رکھا۔ چنڈی گڑھ کے اندسٹریل ایریا فیز-1 واقع ایک کلب کے باہر 11 اکتوبر 2020 کی شب پنجاب یونیورسٹی کے طلبا لیڈر گرلال براڑ کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ گرلال کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ لارنس بشنوئی کا سب سے قریبی ساتھی تھا۔ گرلال کے قتل کے بعد لارنس گینگ نے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ’اب نئی جنگ کی شروعات ہو رہی ہے، سڑکوں پر خون خشک نہیں ہوگا۔‘