
نئی دہلی : مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ ای 20 پٹرول (20 فیصد ایتھنول ملا ہوا پٹرول) کے استعمال سے ای 10 پٹرول کے لیے تیار کی گئی بعض پرانی گاڑیوں کے مائلیج میں معمولی کمی آ سکتی ہے، تاہم اس بات کا کوئی مصدقہ ثبوت موجود نہیں کہ ایتھنول ملا پٹرول انجن کو نقصان پہنچاتا ہے یا گاڑیوں میں بڑے پیمانے پر خرابی کا سبب بنتا ہے۔راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں مرکزی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم و قدرتی گیس سریش گوپی نے بتایا کہ ای 10 کے مطابق تیار کی گئی پرانی گاڑیوں میں ای 20 پٹرول استعمال کرنے سے ایندھن کی کارکردگی میں عام طور پر صرف 3 سے 5 فیصد تک کمی دیکھی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمی معمولی نوعیت کی ہے اور اس سے گاڑی کی مجموعی کارکردگی پر کوئی بڑا منفی اثر نہیں پڑتا۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ کسی بھی گاڑی کا مائلیج صرف پٹرول میں ایتھنول کی مقدار پر منحصر نہیں ہوتا بلکہ ڈرائیونگ کا انداز، گاڑی کی دیکھ بھال، ٹائروں میں ہوا کا درست دباؤ، وہیل الائنمنٹ اور ایئر کنڈیشنر کے استعمال جیسے کئی عوامل بھی اس پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اس لیے مائلیج میں کمی کو صرف ای 20 پٹرول سے جوڑنا درست نہیں ہوگا۔سریش گوپی کے مطابق ای 20 پٹرول کے کئی فوائد بھی ہیں۔ اس میں آکٹین ریٹنگ زیادہ ہوتی ہے، جس سے انجن کی اینٹی ناک کارکردگی بہتر ہوتی ہے، ایندھن زیادہ مؤثر طریقے سے جلتا ہے اور گاڑی کو ہموار رفتار کے ساتھ بہتر ایکسیلیریشن حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معمولی مائلیج میں کمی کے مقابلے میں ای 20 پٹرول کی تکنیکی اور ماحولیاتی خوبیاں زیادہ اہم ہیں۔
ادھر رواں ماہ 7 جولائی کو مرکزی وزیر برائے سڑک نقل و حمل و شاہراہیں نتن گڈکری نے بھی ای 20 پٹرول سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے ناقدین کو چیلنج دیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر 20 فیصد ایتھنول ملا پٹرول استعمال کرنے سے کسی گاڑی کے انجن کو نقصان پہنچا ہو تو اس کی صرف ایک مستند مثال پیش کی جائے۔ ان کے مطابق اب تک ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔”وکست بھارت کانکلیو” سے خطاب کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہا تھا کہ ای 20 پٹرول کے خلاف مائلیج میں کمی اور انجن خراب ہونے جیسے دعوے بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایتھنول ملا پٹرول کے خلاف جھوٹا بیانیہ پھیلایا جا رہا ہے اور یہ ایک منظم “پیڈ مہم” کا حصہ ہے۔مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ ملک میں ایتھنول ملا پٹرول کے استعمال کو فروغ دینے کا مقصد خام تیل کی درآمد پر انحصار کم کرنا، ماحول دوست ایندھن کو فروغ دینا اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ حکومت کے مطابق دستیاب شواہد کی بنیاد پر ای 20 پٹرول محفوظ ہے اور اس کے استعمال سے انجن کو نقصان پہنچنے کا کوئی مصدقہ ثبوت موجود نہیں ہے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







