
نئی دہلی : بالی ووڈ اداکارہ دیا مرزا جلد ہی ایک ایسی ویب سیریز میں نظر آئیں گی جو بھارتی فضائیہ کے حوصلے، قربانی اور ان کے خاندانوں کی خاموش جدوجہد کو اجاگر کرے گی۔ آنے والی ویب سیریز “آپریشن سفید ساگر” میں دیا مرزا، کمل پریت کور دھنوآ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ سیریز کے ٹریلر لانچ کے موقع پر انہوں نے اپنے کردار اور اس سے وابستہ جذبات کے بارے میں کھل کر اظہار خیال کیا۔دیا مرزا نے کہا کہ فضائیہ کے افسران کی بیویوں کی ہمت، صبر اور بے لوث قربانیوں نے انہیں اس کردار کو نبھانے کی تحریک دی۔ ان کے مطابق کمل پریت کور دھنوآ اس کہانی میں ایک مضبوط ستون کی حیثیت رکھتی ہیں، جو ایسے وقت میں فضائیہ کے اہلکاروں کی شریک حیات کا حوصلہ بڑھاتی ہیں جب ان کے شوہر ملک کی خدمت کے لیے خطرناک مشنز پر تعینات ہوتے ہیں۔
اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیا مرزا نے کہا، “میرا کردار اس کہانی میں ایک اینکر کی طرح ہے۔ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے خواتین کو متحد رکھا اور انہیں ایک طاقت کے طور پر جوڑے رکھا۔ جب ان کے شوہر مشن پر ہوتے تھے، اس وقت ان خواتین کے لیے ان حالات کا سامنا کرنا کیا معنی رکھتا تھا، یہی اس کہانی کا اہم پہلو ہے۔”اداکارہ نے کہا کہ فضائیہ کے خاندانوں کی زندگی کو سمجھنا آسان نہیں۔ ان کے مطابق جو خواتین فضائیہ کے افسران سے شادی کرتی ہیں، وہ بھی ابتدا میں اس زندگی کی حقیقت سے پوری طرح واقف نہیں ہوتیں۔ اگرچہ وہ مختلف کہانیاں ضرور سنتی ہیں، لیکن عملی طور پر ان مشکل حالات کا سامنا کرنے کے لیے خود کو مکمل طور پر تیار کرنا آسان نہیں ہوتا۔دیا مرزا نے بتایا کہ اس کردار نے انہیں ذاتی زندگی میں بھی بہت کچھ سکھایا۔ ان کے مطابق ایک بیوی، عورت اور ماں کی حیثیت سے انہیں احساس ہوا کہ فضائیہ کے اہلکاروں کی شریک حیات غیر معمولی طور پر مضبوط ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کہانی سے انہیں سب سے بڑی یہ بات سیکھنے کو ملی کہ فضائیہ کے اہلکاروں کی بیویاں اپنے شوہروں کو ہر روز مسکراتے ہوئے رخصت کرتی ہیں، چاہے گزشتہ رات ان کے درمیان کسی بات پر اختلاف یا بحث ہی کیوں نہ ہوئی ہو۔
انہوں نے مزید کہا، “یہ ایک بہت طاقتور احساس ہے۔ اس کے بارے میں سوچ کر بھی خوف محسوس ہوتا ہے، لیکن یہی ان کی زندگی کی حقیقت ہے۔ شاید ہم کبھی پوری طرح یہ نہ سمجھ سکیں کہ وہ کن حالات سے گزرتے ہیں، مگر ہم ان کے احساسات کو سمجھنے کی کوشش ضرور کر سکتے ہیں، اور مجھے لگتا ہے کہ ہم نے اس کہانی کے ذریعے یہی کوشش کی ہے۔”ویب سیریز “آپریشن سفید ساگر” 1999 کی کارگل جنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے تاریخی مشن پر مبنی ہے۔ اس میں فضائیہ کے گولڈن ایروز اسکواڈرن کی بہادری، حکمت عملی اور قربانیوں کو پیش کیا جائے گا، جس نے کارگل جنگ میں بھارت کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82






