
مہنگائی کے دور میں سر پٹ دوڑ رہے سونے اور چاندی کی قیمتوں میں زبردست گراوٹ آئی ہے۔ چاندی کی قیمت ایک ہی دن میں1 لاکھ روپے سے زیادہ کم ہو گئی جب کہ سونے کی قیمت بھی ایک ہی دن میں 33،000 فی 10 گرام سے زیادہ گراوٹ آئی ہے۔ ان قیمتی اشیا کی قیمتوں میں نہ صرف فیوچر ٹریڈنگ بلکہ مقامی مارکیٹ میں بھی تیزی سے گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ ماہرین پہلے سے ہی ان کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی پیش گوئی کر رہے تھے اور ایسا ہی ہوا ہے۔
سونے اور چاندی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے درمیان ماہرین نے پہلے ہی اس بلندی تک پہنچنے کے بعد تیزی سے گراوٹ کی پیش گوئی کی تھی اور جمعہ کو ان کی یہ پیشین گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔ اگر ہم ان قیمتی اشیا کی قیمتوں میں کمی کی وجوہات پر غور کریں تو اس کی ایک نہیں کئی وجوہات نظر آتی ہیں۔ سونے چاندی میں بڑی گراوٹ کی ایک اہم وجہ پرافٹ بکنگ تھی۔ تاریخی سطح پر پہنچنے کے بعد سرمایہ کاروں نے سونے اور چاندی میں منافع بک کرنا شروع کر دیا اور فروخت کے دباؤ کی وجہ سے دونوں کی قیمتیں اچانک گر گئیں۔







