
دھے پورہ: بہار میں سڑک حادثات کے واقعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ بہار کے مدھے پورہ ضلع سے ہفتہ کی صبح بھی کہر اور انتہائی تیز رفتاری کے باعث ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ یہاں ہائیوا اور ایک کار کے آمنے سامنے ٹکرانے سے چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ نیشنل ہائی وے 106 پر ایک تیز رفتار ہائیوا اور کار کے درمیان ہونے والے خوفناک تصادم میں پیش آیا، جس میں کار میں سوار چار نوجوانوں کی جائے حادثہ پر ہی موت ہو گئی۔ یہ واقعہ صدر تھانہ علاقے کے تحت بجلی دفتر کے قریب پیش آیا۔
بے قابو ہائیوا نے سامنے سے ماری ٹکر
پولیس کے ایک افسر نے ہفتہ کو بتایا کہ علی الصبح چار نوجوان ایک کار میں سوار ہو کر مدھے پورہ سے کہیں جا رہے تھے۔ اسی دوران جیسے ہی کار بجلی محکمہ کے دفتر کے قریب پہنچی، مخالف سمت سے آ رہے ایک بے قابو ہائیوا نے سامنے سے زور دار ٹکر مار دی۔
زور دار آواز سن کر سڑک پر نکل آئے لوگ
مقامی لوگوں کے مطابق ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور وہ ہائیوا کے نیچے جا گھسی۔ زور دار آواز سن کر مقامی لوگ سڑک پر نکل آئے اور پولیس کو اطلاع دی۔ خبر ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ مدھے پورہ نگر تھانہ انچارج وملیندو کمار نے بتایا کہ مقامی لوگوں کی مدد سے تمام لاشوں کو بڑی مشکل سے کار سے باہر نکالا گیا اور اسپتال بھیجا گیا۔
اسپتال میں مردہ قرار دیے گئے چاروں افراد
اسپتال میں ڈاکٹروں نے چاروں افراد کو مردہ قرار دے دیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تمام مہلوکین مدھے پورہ کے ہی رہنے والے تھے۔ تھانہ انچارج کے مطابق حادثے کے بعد ہائیوا کا ڈرائیور فرار ہو گیا ہے۔ ہائیوا اور کار کو ضبط کر لیا گیا ہے اور پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں صبح کے وقت کہر چھایا ہوا تھا، ممکن ہے کہ کہر کے باعث دونوں ڈرائیور ایک دوسرے کی گاڑیاں نہ دیکھ سکے ہوں اور یہ حادثہ پیش آیا ہو۔







