
آج 15 جنوری کو پورے ملک میں آرمی ڈےمنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارتی فوج کو سلام پیش کرتے ہوئے اس کے حوصلے، بہادری اور قربانی کی کھلے دل سے ستائش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی فوج کی لگن اور بہادری ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا باعث ہے اور ملک کی سلامتی میں فوجی جوانوں کا کردار بے مثال ہے۔وزیراعظم نریندر مودی نے آرمی ڈے کے موقع پر سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک خصوصی پیغام بھی شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ دشوار گزار پہاڑوں سے لے کر برف سے ڈھکی چوٹیوں تک بھارتی فوج کا حوصلہ اور شجاعت ملک کو سربلند کرتی ہے۔ وزیراعظم نے سرحدوں پر تعینات جوانوں کو دل سے سلام پیش کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
بے لوث خدمت کی علامت ہے بھارتی فوج
پی ایم مودی نے کہا کہ بھارتی فوجی بے لوث خدمت اور فرض شناسی کی زندہ مثال ہیں۔ وہ انتہائی مشکل حالات میں بھی ثابت قدم رہتے ہوئے مادروطن کی حفاظت میں مصروف رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجیوں کا نظم و ضبط، حوصلہ اور مضبوط عزم پورے ملک میں سلامتی اور اعتماد کے احساس کو مضبوط کرتا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے پیغام میں ان بہادر جوانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ایسے شہیدوں کو ہمیشہ عزت اور شکرگزاری کے ساتھ یاد رکھتی ہے۔
15 جنوری کو ہی آرمی ڈےکیوں منایا جاتا ہے؟
بھارت میں آرمی ڈے ہر سال 15 جنوری کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن بھارتی فوجی تاریخ کے ایک اہم واقعے سے جڑا ہوا ہے۔ سال 1949 میں اسی دن فیلڈ مارشل کے ایم کریپا نے بھارتی فوج کے پہلے ہندوستانی کمانڈر اِن چیف کے طور پر عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے برطانوی جنرل ایف آر آر بُچر کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس دن کو بھارتی فوج کی بہادری، نظم و ضبط اور قربانی کے احترام میں منایا جاتا ہے۔
ملک بھر میں آرمی ڈے کی تقاریب
آرمی ڈےکے موقع پر ملک کے مختلف فوجی مراکز میں خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ان پروگراموں کے ذریعے فوج کی طاقت، نظم و ضبط اور روایات کو اجاگر کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہید جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جاتا ہے اور شجاعت سے متعلق تقریبات کے ذریعے نوجوانوں میں حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا جاتا ہے۔







