متھرا: اترپردیش کے ضلع متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر منگل کے روز شدید سڑک حادثہ پیش آیا، جہاں گھنے کوہرے کے باعث سات بسیں اور تین چھوٹی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ اس المناک حادثے میں 13 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
وزیر اعظم کا تعزیتی پیغام اور امداد کا اعلان
وزیراعظم نریندر مودی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم قومی راحت فنڈ (پی ایم این آر ایف) سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 2 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں وزیراعظم کے حوالے سے کہا گیا: ’’اتر پردیش کے متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر پیش آئے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔ میری ہمدردیاں ان خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ پی ایم این آر ایف سے ہر جاں بحق کے اہل خانہ کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے۔‘‘
وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا اظہار افسوس
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا: ’’ضلع متھرا میں یمنا ایکسپریس وے پر سڑک حادثے میں ہونے والا جانی نقصان نہایت افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔ میری تعزیتیں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کے مناسب علاج کے احکامات دیے گئے ہیں۔ میں پرارتھنا کرتا ہوں کہ پرماتما مرنے والوں کو اپنے چرنوں میں جگہ دے اور زخمیوں کو جلد صحت نصیب ہو۔‘‘
حادثے کی تفصیلات
انتظامیہ کے مطابق یہ بھیانک حادثہ سات بسوں اور تین چھوٹی گاڑیوں کے درمیان ہوا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ حادثے کے فوراً بعد تقریباً 70 افراد کو جلتی ہوئی گاڑیوں سے بحفاظت باہر نکالا گیا۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
انتظامی کارروائی اور عینی شاہد کا بیان
ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج مسلسل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہیں۔ ایک عینی شاہد کے مطابق، پہلے ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی، جس کے بعد تین سے چھ بسوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ اس وقت بسیں مکمل طور پر مسافروں سے بھری ہوئی تھیں۔ عینی شاہد نے بتایا کہ وہ حادثے کے وقت سو رہا تھا، اچانک زور دار آواز اور آگ کے پھیلنے سے مسافروں میں شدید افرا تفری مچ گئی۔







