
نئی دہلی: ملک بھر میں آج وِجے دِوَس منایا جا رہا ہے۔ یہ وہ تاریخی دن ہے جب 1971 کی جنگ میں بھارت نے پاکستان کو فیصلہ کن شکست دے کر بنگلہ دیش کو آزادی دلائی تھی۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور دیگر سیاسی رہنماؤں نے جنگ میں جان قربان کرنے والے بہادر فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کا پیغام
وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا: ’’ وِجے دِوَس کے موقع پر ہم ان بہادر فوجیوں کو یاد کرتے ہیں جن کی جرأت اور قربانیوں نے 1971 میں بھارت کو ایک تاریخی فتح دلائی۔ ان کے مضبوط عزم اور بے لوث خدمت نے ملک کی حفاظت کی اور ہماری تاریخ میں فخر کا سنہرا باب رقم کیا۔ یہ دن ان کی بہادری کو سلام پیش کرنے اور ان کے بے مثال جذبے کو یاد کرنے کا موقع ہے۔ ان کی شجاعت آنے والی نسلوں کو ہمیشہ متاثر کرتی رہے گی۔‘‘
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کا خراج تحسین
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے ’ایکس‘ پر لکھا: ’’وِجے دِوَس کے موقع پر میں بھارت ماتا کے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہوں جن کی جرأت، شجاعت اور وطن سے بے پناہ وفاداری نے قوم کو ہمیشہ سربلند رکھا ہے۔ ان کی بہادری اور حب الوطنی آنے والی نسلوں کے لیے باعثِ ترغیب رہے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی ’سودیشی کاری کے ذریعے مضبوطی‘ کی پالیسی مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ صدر مرمو نے مزید کہا کہ آپریشن سندور کے دوران فوج نے خود انحصاری، عسکری مضبوطی اور جدید جنگی حکمتِ عملی کا مؤثر مظاہرہ کیا، جو پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ آخر میں انہوں نے فوجیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو نیک تمناؤں کے ساتھ ’جے ہند‘ کہا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا بیان
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنے پیغام میں کہا: ’’1971 میں آج ہی کے دن بھارتی مسلح افواج نے بے مثال جرأت اور درست حکمتِ عملی کے ذریعے پاکستانی فوج کو شکست دے کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا تھا۔ یہ فتح ظلم اور ناانصافی کے خلاف ایک مضبوط مثال بن کر سامنے آئی اور دنیا بھر میں انسانیت کے تحفظ کا پیغام دیا۔ یومِ فتح پر میں ان تمام شہید فوجیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔”
جے پی نڈا کا خراج عقیدت
سینئر لیڈر جے پی نڈا نے کہا ’’بھارتی مسلح افواج کی بے مثال بہادری، غیر متزلزل عزم اور ناقابلِ شکست حب الوطنی کی علامت وِجے دِوَس کے موقع پر میں بھارت ماتا کے ان عظیم سپوتوں کو کروڑوں سلام پیش کرتا ہوں۔ 1971 میں ہمارے فوجیوں نے اپنے شاندار شجاعت کے ذریعے پاکستان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا۔ ملک کی یکجہتی اور سالمیت کے لیے جان قربان کرنے والے تمام شہیدوں کو میری عاجزانہ عقیدت۔ جے ہند!‘‘







