
لوک سبھا میں وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی بحث کا آغاز ہو چکا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے اس بحث کی شروعات کرتے ہوئے آزادی کے بے شمار گمنام مجاہدین کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہمارے کتنے ہی آزادی پسندوں نے ’وندے ماترم‘ کا نعرہ لگاتے ہوئے ہنستے ہنستے پھانسی کے پھندے کو گلے لگایا۔ مختلف جیلوں میں رہتے ہوئے بھی سب کا ایک ہی منتر تھا—وندے ماترم‘‘۔ اسی دوران وزیراعظم نے ان تاریخی اخبارات کا بھی ذکر کیا ،جن کا نام وندے ماترم تھا اور جو آزادی کی تحریک میں انقلابی آواز بنے۔ انہوں نے کہا کہ اس نام میں اتنی طاقت تھی کہ یہ صرف نعرہ نہیں بنا، بلکہ صحافت کا ہتھیار بھی بن گیا۔ آئیے جانتے ہیں کہ آزادی کی لڑائی کے دوران وندے ماترم نام کے ان اخبارات کو کن شخصیات نے شروع کیا تھا۔
پہلا بندے ماترم اخبار
آزادی کی تحریک میں پریس ایک مضبوط ہتھیار تھا اور اس دور کے کئی قوم پرست رہنماؤں نے اخبارات کے ذریعے عوام میں بیداری پیدا کی۔اگست 1906 میں ممتاز قوم پرست رہنما بپن چندر پال نے کولکاتا سے انگریزی زبان میں بندے ماترم نام کا ہفت روزہ اخبار شروع کیا۔ یہ اخبار صرف ایک اشاعتی ادارہ نہیں تھا ،بلکہ برطانوی سامراج کے خلاف فکری جنگ کا آغاز بھی تھا۔ بپن چندر پال کا مقصد تھا:ہندوستانیوں میں قومی شعور پیدا کرنا،تحریکِ Swadeshi کو فروغ دینا،ہندوستانیوں کی سیاسی سوچ کو انگریزی پڑھنے والے طبقے تک پہنچانا،جلد ہی یہ اخبار ایک مضبوط نظریاتی محاذ بن گیا۔ برطانوی راج نے اس اخبار کو اتنا خطرناک قرار دیا کہ 1910 کے پریس ایکٹ کو نافذ کرنے کی ایک وجہ بھی یہی شائع شدہ مواد تھا، جس کے ذریعے حکومت انقلابی خیالات کو دبانا چاہتی تھی۔
بھیکا جی کاما نے پیرس سے وندے ماترم اخبار کیا شروع
بھیکائی جی کاما نے 1909 میں پیرس سے ایک قوم پرست اخبار وندے ماترم شائع کرنا شروع کیا۔ اس اخبار کا مقصد ہندوستان میں قوم پرستی اور برطانوی مخالف جذبات کو فروغ دینا تھا۔ اس مقصد کے لیے میڈم بھیکا جی کاما نے پیرس میں پیرس انڈین سوسائٹی کی بنیاد رکھی اور اس کے ذریعے اخبار کی اشاعت شروع کی۔ یہ اخبار برطانوی پابندی کے جواب میں شروع کیا گیا تھا۔ وندے ماترم محض ایک نعرہ نہیں تھا، بلکہ ایک ایسا جذبہ تھا ،جس نے گلی گلی، جیلوں کی کوٹھریوں سے لے کر اخبارات کے اداروں تک ہر جگہ آزادی کی آگ جلائے رکھی۔ بپن چندر پال، اربندو گھوش اور بھیكاجی کاما جیسے رہنماؤں نے اس نام کو ایک فکری ہتھیار بناتے ہوئے برطانوی حکومت کی بنیادیں ہلا دیں۔






