
نئی دہلی: بھارت نے حالیہ سمندری طوفان کے بعد سری لنکا کی مدد کیلئے اپنے انسانی ہمدردی پر مبنی آپریشن ’ساگر بندھو‘ کو مزید وسعت دیتے ہوئے چار مزید بحری جہاز سری لنکا بھیجے ہیں۔ بھارتی بحریہ کے مطابق یہ جہاز متاثرہ علاقوں تک ضروری امدادی سامان پہنچا رہے ہیں۔ بحریہ کے بیان کے مطابق آئی این ایس گھڑیال، ایل سی یو 54، ایل سی یو 51 اور ایل سی یو 57 کو امدادی سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ان میں سے تین جہاز (ایل سی یو 51، ایل سی یو 54 اور ایل سی یو 57) پہلے ہی 7 دسمبر کی صبح کولمبو پہنچ چکے ہیں اور وہاں مقامی حکام کے حوالے اہم سامان کیا گیا ہے۔
مزید امداد راستے میں، زمینی بحالی کا کام بھی شروع
بحرہ ہند کے خطے میں انسانی تعاون کے تحت امدادی سلسلہ جاری ہے۔ بحریہ کے مطابق آئی این ایس گھڑیال 8 دسمبر کو ترنکومالی پہنچے گا تاکہ امدادی کارروائیوں کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس سے قبل آئی این ایس وکرانت، آئی این ایس اُدے گری اور آئی این ایس سُکنیا بھی امدادی بحری مہم کا حصہ رہ چکے ہیں۔ انہوں نے سرچ اینڈ ریسکیو مشنز کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی اشیاء اور ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک پہنچائیں۔ بھارتی فوج کے انجینئرز بھی کارروائی میں شامل ہو گئے ہیں۔ سری لنکا میں متاثرہ پلوں اور سڑکوں کی بحالی کے لیے بھارتی اور سری لنکن انجینئرز مل کر کام کر رہے ہیں۔ خصوصی طور پر کلینوچی میں پرانتھن-کراچیچی-ملایتیو(A35) ہائی وے پر تباہ شدہ پل کو ہٹانے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
سری لنکا کی قیادت کی جانب سے بھارت کا شکریہ
بھارتی امداد کے سلسلے میں پیش رفت پر سری لنکا نے اظہار تشکر کیا ہے۔ سری لنکن رکن پارلیمان نمل راجپکشا نے بھارتی ہائی کمشنر سنتوش جھا سے ملاقات کی اور امداد پر شکریہ ادا کیا۔ ہائی کمشنر نے یقین دلایا کہ بھارت متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کی بحالی تک مدد جاری رکھے گا۔ بھارتی ہائی کمیشن نے ایک بیان میں کہا: ’’بھارت سری لنکا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بحالی تک تعاون جاری رہے گا۔‘‘
عوامی تعاون بھی شامل، تمل ناڈو کا بڑا کردار
اس امدادی کارروائی میں حکومت کے ساتھ عوام کی شمولیت بھی قابل ذکر ہے۔ بھارت کی جانب سے بھیجے گئے ہزار ٹن امدادی سامان میں زیادہ تر خوراک اور کپڑے شامل ہیں، جن کا بڑا حصہ ریاست تمل ناڈو کے عوام نے عطیہ کیا ہے۔ ان میں سے 300 ٹن امدادی سامان تین بھارتی بحری جہازوں کے ذریعے اتوار کی صبح کولمبو کے حکام کے حوالہ کیا گیا۔







