
ریلوے میں 1,20,579 آسامیوں پر بھرتی کا عمل 2024 اور 2025 کے لیے شروع کر دیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع مرکزی وزیر ریلوے اشوینی ویشنو نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں دی۔ وزیر نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ 11 برسوں میں ریلوے نے 5.08 لاکھ تقرریاں کی ہیں، جو پچھلی دہائی کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔وزارت کے مطابق ریلوے میں بھرتی ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے، کیونکہ ملک بھر میں پھیلے ہوئے اس وسیع اور پیچیدہ نظام کو مستقل افرادی قوت کی ضرورت رہتی ہے۔ ہر محکمہ اپنی ضرورت، تکنیکی تبدیلیوں، میکانائزیشن اور حفاظتی تقاضوں کے مطابق آسامیوں کا اندراج کرتا ہے۔
کن کن عہدوں پر بھرتی؟
ان آسامیوں میں اسسٹنٹ لوکو پائلٹ (ALP)، ٹیکنیشن، آر پی ایف کے سب انسپکٹر اور کانسٹیبل، جونیئر انجینئر (JE)، ڈپو میٹریل سپرنٹنڈنٹ، کیمیکل اینڈ میٹالرجیکل اسسٹنٹ، پیرا میڈیکل اسٹاف، نان ٹیکنیکل پاپولر کیٹیگری (NTPC) اور لیول 1 کے عہدے جیسے ٹریک مینٹینر اور پوائنٹس مین شامل ہیں۔
امتحانی مراحل تقریباً مکمل
59,678 عہدوں کے لیے پہلے مرحلے کے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT) بڑی سطح پر مکمل ہو چکے ہیں۔اسی طرح ALP، JE/DMS/CMA اور NTPC (گریجویٹ) کے لیے دوسرے مرحلے کے CBT بھی منعقد ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ALP کیٹیگری کے لیے کمپیوٹر بیسڈ ایپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ (CBAT) بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔32 ہزار سے زائد لیول-1 آسامیاں کا امتحانی عمل نومبر 2025 میں 140 شہروں میں شروع ہوا۔آر پی ایف کانسٹیبل کے 4,208 عہدوں کے لیے فزیکل ایفیشنسی ٹیسٹ بھی اسی ماہ شروع ہوا۔متعدد ٹیکنیکل، پیرا میڈیکل، جونیئر انجینئر، آر پی ایف سب انسپکٹر اور ALP عہدوں کے لیے کامیاب امیدواروں کی فہرستیں بھی جاری کی جا چکی ہیں۔
2025 کے لیے نئی بھرتی نوٹیفیکیشن
ریلویز نے 2025 کے لیے 28,463 نئی آسامیوں کے سات نوٹیفیکیشن جاری کیے ہیں، جن میں شامل ہیں:— ALP— ٹیکنیشن— سیکشن کنٹرولرز— جونیئر انجینئر— پیرا میڈیکل اسٹاف— NTPC (گریجویٹ و انڈرگریجویٹ)
شفاف امتحانی عمل
وزارت نے بتایا کہ پورا امتحانی عمل مکمل شفافیت کے ساتھ منعقد ہوا اور کہیں بھی پیپر لیک یا بدعنوانی کا واقعہ سامنے نہیں آیا، جو اس بڑے امتحانی ڈھانچے کے لحاظ سے قابلِ ذکر کامیابی ہے۔2004–2014 کے درمیان 4.11 لاکھ بھرتیاں ہوئیں، جبکہ 2014–2025 کے دوران یہ تعداد بڑھ کر 5.08 لاکھ ہو گئی۔
سالانہ بھرتی کیلنڈر متعارف
بھرتی کے عمل کو مزید منظم کرنے کے لیے 2024 سے سالانہ ریکروٹمنٹ کیلنڈر نافذ کیا گیا ہے، جس سے امیدواروں کو امتحانات، ٹریننگ اور تقرری کی ٹائم لائنز پہلے سے معلوم رہتی ہیں۔وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ وقتی ضرورت کے تحت کنٹریکٹ پر کی جانے والی تقرریاں صرف عارضی ہوتی ہیں اور ان سے مستقل نوکری کا کوئی حق پیدا نہیں ہوتا۔ جیسے ہی باقاعدہ بھرتی کے امیدوار ڈیوٹی سنبھالتے ہیں، یہ کنٹریکچول عہدے ختم کر دیے جاتے ہیں۔







