
بہار انتخابات میں این ڈی اے کی زبردست جیت کے بعد اب ریاست میں نئی حکومت بنانے کا وقت آگیا ہے۔ بہار میں اقتدار کا تاج ایک بار پھر نتیش کمار کے سر سجنے والا ہے۔ نتیش کمار 10ویں بار بہار کے وزیر اعلیٰ کے طور پرحلف برداری کی تقریب صبح 11:30 بجے پٹنہ کے گاندھی میدان میں شروع ہوگی۔ نتیش کمار کی حکومت میں بی جے پی کے کوٹے سے دو نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا ایک بار پھر نتیش حکومت میں نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیں گے۔ نتیش کمارکابینہ میں کس پارٹی کے کوٹہ سے کون کون سے لیڈر وزیروں کے طور پر حلف لیں گے اس کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نریندرمودی نتیش کمار کی شاندار تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پٹنہ کے گاندھی میدان میں نتیش کمار کے ساتھ 25 ممکنہ وزراء بھی حلف لیں گے۔
نتیش کابینہ میں حلف لینے والے وزراء کی فہرست بھی جاری کر دی گئی ہے۔ نئی حکومت میں بی جے پی کے 14 وزراء ہوں گے۔ سی ایم نتیش کے علاوہ جے ڈی یو سے سات وزراء کا تقرر کیا جائے گا۔ جیتن رام مانجھی کی قیادت والی ہندوستانی عوام مورچہ (سیکولر) اور اوپیندر کشواہا کی راشٹریہ لوک مورچہ (آر ایل ایم) میں ہر ایک کا ایک وزیر ہوگا۔ جیتن رام مانجھی کے بیٹے سنتوش کمار سمن ان کی پارٹی کے وزیروں کے طور پر حلف لیں گے، اپیندر کشواہا کے بیٹے دیپک پرکاش کو ان کی پارٹی سے وزیروں کے طور پر حلف دلایا جائے گا۔ چراغ پاسوان کی قیادت والی لوک جن شکتی پارٹی (رام ولاس) کے بھی دو وزیر ہوں۔
کیا نتیش کمار نئی تاریخ رقم کریں گے؟
نتیش کمار جمعرات کو 10ویں بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ ملک میں آج تک کسی دوسرے رہنما نے 10 بار وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف نہیں اٹھایا۔ اگر وہ 2031 تک اپنے عہدے پر برقرار رہتے ہیں، تو وہ سب سے زیادہ عرصے تک رہنے والے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ
لیڈروں کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔ نتیش کمار کی عمر 75 سال ہے۔ سب سے زیادہ عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے انہیں کم از کم مزید چھ سال تک اس عہدے پر فائز رہنا ہوگا۔ اس کے بعد ہی نتیش کمار ملک کے سب سے طویل عرصے تک وزیر اعلیٰ رہنے والے پون چاملنگ کا ریکارڈ توڑ سکیں گے۔







