تقریباً تین دہائیوں تک اپنے نغموں سے ہندوستانی فلم انڈسٹری کو مسحور کرنے والے معروف نغمہ نگار انجان آج بھی اپنے رومانی اور سدا بہار نغموں کی بدولت مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ 28 اکتوبر 1930 کو بنارس میں پیدا ہوئے انجان بچپن ہی سے شعر و م شاعری کے دلدادہ تھے۔ وہ مقامی مشاعروں اور شعری نشستوں میں باقاعدگی سے شریک ہوتے تھے۔
انجان نے نغمہ نگاری کا آغاز 1953 میں اداکار پریم ناتھ کی فلم ’گولکنڈا کے قیدی‘ سے کیا۔ اس فلم کے لئے انہوں نے ’لہر یہ ڈولے کوئل بولے‘ اور ’شہیدوں امر ہے تمہاری کہانی‘ جیسے نغمے تحریر کئے لیکن یہ فلم انہیں کوئی خاص پہچان نہ دلا سکی۔ جدوجہد کے اس دور میں انہوں نے کئی کم بجٹ فلموں میں بھی کام کیا لیکن کامیابی ان سے کوسوں دور رہی۔ اسی دوران ان کی ملاقات موسیقار جی ایس کوہلی سے ہوئی اور فلم ’لمبے ہاتھ‘ کے لیے لکھا گیا نغمہ ’مت پوچھ میرا ہے کون وطن‘ ان کے لیے پہلی بڑی کامیابی ثابت ہوا۔
تقریباً دس برس کی مسلسل جدوجہد کے بعد 1963 میں پریم چند کے ناول پر مبنی فلم ’گودان‘ میں پنڈت روی شنکر کی موسیقی پر لکھا گیا نغمہ ’چلی آج گوریا پیا کی نگریا‘ بے حد مقبول ہوا اور انجان کی پہچان مستحکم ہو گئی۔ اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور فلمی دنیا میں اپنی جگہ بنا لی۔
ساٹھ کی دہائی میں انجان نے ہندی فلموں کے ساتھ ساتھ غیر فلمی گیت بھی تحریر کیے۔ موسیقار شیام ساگر کی دھنوں پر لکھے گئے ان کے کئی گیت محمد رفیع، منا ڈے اور سمن کلیانپور جیسے مشہور گلوکاروں نے گائے۔ ان میں رفیع کی آواز میں ’میں کب گاتا‘ خاص طور پر مقبول ہوا۔ اسی دوران انہوں نے بھوجپوری فلموں کے لیے بھی کئی نغمے لکھے اور اس زبان کی فلمی دنیا میں بھی اپنی شناخت بنائی۔
امیتابھ بچن کے ساتھ ساتھ انجان نے متھن چکرورتی کی فلموں میں بھی کئی سپرہٹ نغمے دیے۔ ’ڈسکو ڈانسر‘، ’ڈانس ڈانس‘، ’قسم پیدا کرنے والے کی‘، ’کرشمہ قدرت کا‘، ’کمانڈو‘، ’ہم انتظار کریں گے‘، ’داتا‘ اور ’دلال‘ جیسی فلموں میں ان کے نغمے فلموں کی کامیابی کی ضمانت ثابت ہوئے۔
مشہور فلمساز اور ہدایت کار پرکاش مہرا کی فلموں کے ساتھ انجان کا تعاون بھی قابل ذکر ہے۔ ’زنجیر‘ سے لے کر ’شہنشاہ‘ تک کئی فلموں میں انجان کے گیتوں نے ناظرین کو متاثر کیا اور پرکاش مہرا کے سینما کو لازوال بنا دیا۔ انجان کے پسندیدہ موسیقاروں میں کلیان جی-آنند جی کا نام نمایاں ہے، جن کے ساتھ انہوں نے کئی یادگار گیت تخلیق کیے۔
اپنی تین دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں انجان نے تقریباً 200 فلموں کے لیے نغمے تحریر کیے۔ ان کے گیتوں میں رومانویت، سادگی اور عام انسان کی زندگی کی جھلک نمایاں ہوتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے نغمے عوام کے دلوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انجان نے 13 ستمبر 1997 کو 67 برس کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہا۔ وہ اپنے پیچھے وہ خزانہ چھوڑ گئے جو آج بھی فلمی دنیا کو روشن کرتا ہے۔ ان کے بیٹے سمیر انجان نے بھی نغمہ نگاری کے میدان میں اپنی الگ شناخت بنائی اور والد کے ورثے کو آگے بڑھایا۔
انجان کو ان کے مداح آج بھی ان کے سچے اور دل سے نکلے ہوئے الفاظ کی وجہ سے یاد کرتے ہیں۔ ان کے گیت نہ صرف ماضی کی یاد دلاتے ہیں بلکہ آج کے سامعین کو بھی دل کی گہرائیوں تک چھو جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انجان کا نام ہندی فلمی دنیا کے ان چند نغمہ نگاروں میں شامل ہے جن کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی۔