نئی دہلی: بدھ کے روز سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد سونا 94000 روپے فی 10 گرام اور چاندی 96000 روپے فی کلو کی حد سے نیچے آ گئی ہے۔ انڈیا بلین جویلیئرز ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے مطابق، 24 قراط خالص سونے کی قیمت میں 568 روپے کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد اس کی قیمت 93776 روپے فی 10 گرام ہو گئی، جبکہ گزشتہ روز یہ 94344 روپے فی 10 گرام تھی۔
اسی طرح 22 قراط سونا بھی 520 روپے سستا ہو کر 85899 روپے فی 10 گرام پر آ گیا، جو کہ اس سے پہلے 86419 روپے تھا۔ 18 کیرٹ سونے کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور یہ 70332 روپے فی 10 گرام ہو گئی، جبکہ پچھلی قیمت 70758 روپے تھی۔
صرف سونا ہی نہیں بلکہ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں گراوٹ آئی ہے۔ ایک کلو چاندی 871 روپے سستی ہو کر 95949 روپے فی کلو رہ گئی، جبکہ اس سے پہلے یہ 96820 روپے فی کلو تھی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 22 اپریل کو سونے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی، جب 24 قراط کے 10 گرام سونے کی قیمت تقریباً ایک لاکھ روپے ہو گئی تھی۔
مقامی مارکیٹ کے ساتھ ساتھ، حاضر اور وعدہ (فیوچر) مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوپہر تک ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر 5 جون 2025 کے سونے کے معاہدے میں 0.21 فیصد کی کمی ہوئی اور قیمت 93448 روپے رہی۔ وہیں چاندی کا 4 جولائی 2025 کا معاہدہ 0.25 فیصد کم ہو کر 96527 روپے فی کلو پر آ گیا۔
عالمی سطح پر بھی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملی۔ سونا 0.22 فیصد کی کمی کے بعد 3240 امریکی ڈالر فی اونس پر پہنچا، جبکہ چاندی 0.34 فیصد کی کمی کے بعد 32.985 ڈالر فی اونس پر آ گئی۔
سال 2025 کے آغاز سے سونے کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا گیا ہے۔ یکم جنوری کو 24 قراط سونے کی قیمت 76162 روپے فی 10 گرام تھی، جو اب بڑھ کر 93,776 روپے ہو گئی ہے۔ یعنی صرف چند مہینوں میں 17614 روپے یا 23.12 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔