گجرات کے کھیڑا ضلع میں بدھ کی شام ایک بڑا حادثہ ہو گیا۔ یہاں ایک ہی کنبہ کے 6 لوگ ندی میں غرقاب ہو گئے جو آپس میں چچیرے بھائی بہن تھے۔ سبھی کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ کنیج گاؤں میں پیش آیا۔
کھیڑا کے ایس پی راجیش گڑھیا نے بتایا، ’’چھ لوگ جن میں 4 لڑکیاں اور 2 لڑکے ہیں، یہ سب آپس میں چچیرے بھائی بہن تھے۔ ان کی عمر 14 سے 21 برس کے درمیان ہوگی۔ یہ سبھی کھیڑا کے پاس میشوو ندی میں نہانے گئے تھے۔ نہاتے وقت سبھی ڈوب گئے۔‘‘
پولیس کی اطلاع کے مطابق سبھی کی لاش ندی سے نکال لی گئی ہے۔ سبھی مہلوکین میں سے دو کنیج گاؤں کے رہنے والے تھے جبکہ چار ان کے چچیرے بھائی بہن تھے جو احمد آباد سے ان سے ملنے آئے تھے۔ افسروں نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد محمد آباد پولیس اور فائر بریگیڈ محکمہ کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور بچاؤ مہم شروع کی اور سبھی کو ندی سے باہر نکالا گیا لیکن تب تک ان کی جانیں جا چکی تھیں۔