ملک کی کئی ریاستوں خاص طور پر دہلی-این سی آر میں درجہ حرارت مسلسل نیچے جا رہا ہے۔ اس وجہ سے کپکپی بڑھ گئی ہے اور لوگوں کو سردی کا احساس ہو رہا ہے۔ دہلی کے علاوہ اتر پردیش اور بہار میں بھی موسم کا مزاج بگڑنے کا امکان ہے۔ ان ریاستوں کے کئی ضلعوں میں کہرا اور سرد لہر چلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پہاڑی ریاستوں کے ساتھ اب پورے شمالی اور وسطی ہند میں ٹھنڈ کی شدت بڑھ چکی ہے۔ شمالی ہند کی کئی ریاستوں میں درجہ حرارت 5 ڈگری سے نیچے چلا گیا ہے۔ وہیں وسطی ہند میں بھی درجہ حرارت میں مسلسل گراوٹ آ رہی ہے۔ میدانی ریاستوں میں کپکپی بڑھ گئی ہے۔ حالانکہ دوپہر میں دھوپ نکلنے سے تھوڑی راحت مل رہی ہے لیکن رات میں درجہ حرارت کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
کئی ریاستوں میں ٹھنڈ کو لے کر محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے۔ پہاڑی ریاستوں میں جموں و کشمیر میں سب سے زیادہ ٹھنڈ ہے۔ منگل کو سری نگر میں درجہ حرارت منفی 5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس سیزن میں یہ سری نگر کا سب سے کم درجہ حرارت رہا۔ ڈل جھیل سمیت کشمیر کے تقریباً سبھی آبی ذخائر جمنے لگے ہیں۔
وہیں تمل ناڈو کے کئی ضلعوں میں آج شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ علاقائی موسم سائنس مرکز کی پیش گوئی کے مطابق کانچی پورم، تروولور، چنئی اور چینگل پٹو ضلعوں والے کے ٹی سی سی علاقے میں بدھ کو شدید بارش ہونے کے آثار ہیں۔ ان ضلعوں کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ موسم بلیٹن میں ولوپورم اور پڈوچیری ضلعوں میں بھی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ احتیاط کے طور پر ان علاقوں میں تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ منگل کی شام کو لیا گیا تاکہ ممکنہ خراب موسم کے درمیان طلبا اور ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ادھر بہار کی راجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے کئی ضلعوں میں موسم میں تبدیلی کی حالت بنی ہوئی ہے۔ آسمان میں جزوی طور سے بادل چھائے رہنے کے ساتھ رات کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 4 ڈگری اوپر بنا ہوا ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں خاص تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔