
نئی دہلی : مدراس ہائی کورٹ نے کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے ترجمان سورَو داس کی شناخت اور پس منظر کی جانچ کا مطالبہ کرنے والی درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ درخواست میں ان کے والدین سے متعلق معلومات کی جانچ کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ اگر سورَو داس کے خلاف کوئی الزام ثابت ہوتا ہے تو ان کا پاسپورٹ اور آدھار کارڈ بھی منسوخ کیا جائے۔سورَو داس کے خلاف جانچ کے مطالبے پر سی جے پی رہنما آشوتوش رانکا نے ردعمل ظاہرس کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ جو کچھ یہاں ہو رہا ہے، وہ شرمناک ہے۔ کسی شخص کو صرف اس لیے پریشان کرنا کہ آپ کو اس کا کام پسند نہیں، آخر ہم کب تک یہ سب برداشت کرتے رہیں گے؟
چھ ہفتے بعد ہوگی اگلی سماعت
ہائی کورٹ نے اس معاملے میں متعلقہ فریقوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کیا ہے۔ اب اس معاملے کی اگلی سماعت 6 ہفتے بعد ہوگی۔ فی الحال عدالت نے صرف نوٹس جاری کیا ہے، جس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ درخواست میں لگائے گئے الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔ سورَو داس کی شہریت یا شناخت کے حوالے سے بھی عدالت کی جانب سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں سنایا گیا ہے۔
سی جے پی میں اہم مقام رکھتے ہیں سورَو داس
سورَو داس کا کاکروچ جنتا پارٹی میں اہم مقام ہے اور وہ پارٹی کے نمایاں ارکان میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ مسلسل پارٹی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔اسی سلسلے میں انہیں آشوتوش رانکا کے ساتھ جیل بھی جانا پڑا تھا۔ دونوں کو امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ سورَو داس کو 5 دن تک تہاڑ جیل میں رہنا پڑا، تاہم بعد میں عدالت نے انہیں تمام معاملات میں رہا کر دیا تھا۔






