
ئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے بھارت کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے 75 منٹ 27 سیکنڈ طویل خطاب کیا۔ ان کی تقریر کا مرکزی موضوع بھارت کا مستقبل، نوجوانوں کی طاقت اور 2047 تک ملک کو ترقی یافتہ قوم بنانے کا عزم رہا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو ملک کی ترقی کی سب سے بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے انہیں بڑے خواب دیکھنے اور بڑے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی۔ تقریر میں بعض الفاظ بار بار دہرائے گئے، جن سے حکومت کی ترجیحات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
’یووا‘ اور ’سنکلپ‘ پر خاص زور
تقریر کے دوران ’یووا‘ کا لفظ تقریباً 20 مرتبہ استعمال کیا گیا، جبکہ ’سَنکلپ‘ 19 مرتبہ دہرایا گیا۔ اسی طرح ’وکست بھارت‘ کا ذکر 12 مرتبہ ہوا۔ اس کے علاوہ ’آتم نربھرتا‘ تقریباً 10 مرتبہ اور ’وندے ماترم‘ 6 مرتبہ وزیراعظم کی تقریر میں سنائی دیا۔ ان الفاظ کی تکرار سے واضح ہوتا ہے کہ وزیراعظم نے نوجوانوں، قومی عزم، خود انحصاری اور ترقی یافتہ بھارت کے وژن کو اپنے خطاب میں خصوصی اہمیت دی۔
’وندے ماترم‘ اور آتم نربھر بھارت
وزیراعظم مودی نے قومی نغمے ’وندے ماترم‘ کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سال اس کے 150 سال مکمل ہورہے ہیں۔ یومِ آزادی کی تقریب کے دوران لال قلعے پر پہلی مرتبہ ’وندے ماترم‘ کی مکمل پیشکش بھی کی گئی۔ انہوں نے خود کفیل بھارت کی سمت میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے سیمی کنڈکٹر، دفاعی پیداوار اور توانائی کے تحفظ جیسے شعبوں میں ملکی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا۔ ان کے مطابق بھارت کو اہم ٹیکنالوجی اور وسائل کے لیے بیرونی انحصار کم کرنا ہوگا۔
نوجوان بنیں گے تبدیلی کی طاقت
وزیراعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر میں سب سے بڑا کردار ملک کے نوجوان ادا کریں گے۔ انہوں نے ’یوتھ پاور فار ڈیولپڈ انڈیا‘ کا نعرہ دیتے ہوئے نوجوانوں سے نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے بھارت میں بڑھتی ہوئی اسٹارٹ اَپ ثقافت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں 2.5 لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اَپس کام کررہے ہیں۔ بڑی تعداد میں نوجوان ملازمت تلاش کرنے کے بجائے دوسروں کے لیے روزگار پیدا کرنے کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایک لاکھ کروڑ روپے کے فنڈ کا ذکر کرتے ہوئے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ وسائل کی کمی ان کے خوابوں کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
تعلیم اور AI پر بھی توجہ
مودی نے ڈیجیٹل بھارت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کم لاگت والے انٹرنیٹ کو ملک کی بڑی طاقت قرار دیا۔ انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے پھیلاؤ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ 2004 سے 2014 کے دوران ملک میں 350 سے کم یونیورسٹیاں تھیں، جبکہ اب ان کی تعداد تقریباً 1000 تک پہنچ رہی ہے۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں وزیراعظم نے ایک سال کے اندر ایک کروڑ نوجوانوں کو AI اسکلز کی تربیت دینے کا ہدف بھی بتایا۔ اس کا مقصد بھارتی نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت کے شعبے میں عالمی سطح پر قیادت کے لیے تیار کرنا ہے۔ ساتھ ہی طلبہ کے لیے آن لائن کوچنگ کا انتظام شروع کرنے کی بات بھی کہی گئی۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو پیغام دیا کہ وہ ملک کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں اور ”بڑا سوچو، بڑا سنکلپ لو“ کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82






