
چنئی: تمل ناڈوکے قائد حزب اختلاف اوردراوڑمنیترا کژگم (ڈی ایم کے) لیڈرادے ندھی اسٹالن کواداکارہ تریشا کے بارے میں مبینہ طورپرقابلِ اعتراض تبصرہ کرنے کے معاملے میں منگل (4 اگست 2026) کوپولیس نے حراست میں لے لیا۔ تاہم، مدراس ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ پوچھ گچھ مکمل ہونے کے بعد انہیں فوری طورپررہا کردیا جائے۔ عدالت نے یہ حکم سرکاری وکیل کی جانب سے دی گئی یقین دہانی کے بعد جاری کیا۔
سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کوبتایا کہ حکومت کا ادے ندھی اسٹالن کوگرفتارکرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق، یہ معاملہ ایک خاتون کی عزت اوروقارسے متعلق ہے، اس لئے قانونی کارروائی کے تحت پوچھ گچھ کے لئے انہیں حراست میں لیا گیا، لیکن انہیں عدالتی ریمانڈ پربھیجنے یا باضابطہ گرفتاری کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ ضلع تنجاوورمیں پیش آیا، اسی لئے ادے ندھی اسٹالن کووہاں لے جا کرتفتیش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عدالت کویقین دلایا کہ یہ کارروائی صرف تحقیقات کا حصہ ہے اوراس کا مقصد گرفتاری نہیں۔
مدراس ہائی کورٹ نے سرکاری موقف کومد نظررکھا
سرکاری موقف کومدنظررکھتے ہوئے مدراس ہائی کورٹ نے کہا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں قانون کے مطابق ضروری پوچھ گچھ کرسکتی ہیں، لیکن تفتیش مکمل ہونے کے بعد ادے ندھی اسٹالن کو رہا کرنا ہوگا۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ اس معاملے میں انہیں عدالتی ریمانڈ پربھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ تنازعہ پیر(3 اگست 2026) کوتنجاوورمیں کاویری آبی تنازعہ کے سلسلے میں منعقدہ ایک عوامی ریلی کے دوران سامنے آیا۔ ریلی میں ادے ندھی اسٹالن وزیراعلیٰ سی جوزف وجے کوتنقید کا نشانہ بنا رہے تھے۔ اسی دوران مجمع میں موجود بعض افراد نے اداکارہ تریشا کے نام کے نعرے لگانے شروع کردیئے۔
اداکارہ تریشا سے متعلق کیا ہے تنازعہ؟
الزام ہے کہ ان نعروں پرردِعمل ظاہرکرتے ہوئے ادے ندھی اسٹالن نے کہا کہ “پانی کہیں اورپہنچے یا نہ پہنچے، وہاں ضرورپہنچنا چاہئے۔” اس بیان کے بعد سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا اور اپوزیشن جماعتوں نے الزام لگایا کہ ان کا یہ تبصرہ دوہرا مفہوم رکھتا ہے اورخواتین کی توہین کے مترادف ہے۔ تنازعہ بڑھنے پرادے ندھی اسٹالن نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اشارہ صرف دریائے کاویری کے پانی کی طرف تھا اوران کے بیان کا کوئی دوسرا مطلب نہیں نکالا جانا چاہئے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82






