
نئی دہلی : ممبئی میں ہندی ادب کے عظیم شاعر اور نغمہ نگار مہاکوی گوپال داس نیرج کی آٹھویں برسی کے موقع پر منعقدہ ایک شاندار ادبی و ثقافتی تقریب میں معروف شاعرہ انامیکا جین امبر کو باوقار ’’نیرج سمان‘‘ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں ہندی ادب اور شاعری کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں پیش کیا گیا۔بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک اور مہاکوی گوپال داس نیرج فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے مشترکہ اہتمام سے ممبئی کے رنگ شاردا آڈیٹوریم میں ‘‘ایک شام، نیرج کے نام‘‘ کے عنوان سے منعقدہ اس تقریب میں ملک بھر سے ادبی شخصیات، شعرا، فنکاروں اور موسیقی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد مہاکوی نیرج کی ادبی اور فلمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر بھارت ایکسپریس نیوز نیٹ ورک کے چیئرمین، منیجنگ ڈائریکٹر اور ایڈیٹر اِن چیف اُپیندر رائے بطور سرپرست تقریب میں شریک ہوئے، جب کہ مہاکوی نیرج کے فرزند مرگانک پربھاکر نے پروگرام کی میزبانی اور انتظامات کی نگرانی کی۔
تقریب میں موسیقی اور شاعری کے ذریعے مہاکوی نیرج کی لازوال تخلیقات کو یاد کیا گیا۔ ان کے مشہور نغمے ’’لکھے جو خط تجھے‘‘، ’’کارواں گزر گیا‘‘، ’’شوخیوں میں گھولا جائے‘‘ اور ’’کھلتے ہیں گل یہاں‘‘ پیش کیے گئے، جنہوں نے حاضرین کو ماضی کی یادوں میں لے گئے اور ایک بار پھر ثابت کیا کہ نیرج کی شاعری آج بھی ہر نسل کے دلوں میں زندہ ہے۔
منتظمین کے مطابق اُپیندر رائے کا مہاکوی نیرج سے نہایت قریبی اور ذاتی تعلق تھا۔ وہ انہیں اپنا رہنما اور استاد تصور کرتے تھے۔ اسی وابستگی کے تحت بھارت ایکسپریس گزشتہ کئی برسوں سے ’’نیرج سمان سماروہ‘‘ اور ’’کاویانجلی‘‘ جیسے پروگراموں کے ذریعے مہاکوی نیرج کی ادبی اور ثقافتی وراثت کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
مہاکوی گوپال داس ’نیرج‘ 4 جنوری 1925 کو اتر پردیش کے ضلع ایٹاوہ میں پیدا ہوئے تھے اور 19 جولائی 2018 کو ان کا انتقال ہوا۔ انہیں حکومتِ ہند کی جانب سے پدم شری، پدم بھوشن اور بہترین نغمہ نگار کے طور پر مسلسل تین فلم فیئر ایوارڈز سے بھی نوازا گیا تھا۔ نیرج کو ہندی ادب کی ان عظیم شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے جن کی شاعری اور گیت آج بھی شاعروں، ادیبوں، قارئین اور موسیقی کے شائقین کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







