
نئی دہلی : اڈانی گروپ نے بدھ کے روز اڈیشہ حکومت کے ساتھ ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے، جس کے تحت ریاست میں ایک مربوط ایلومینیم مینوفیکچرنگ ایکو سسٹم قائم کرنے کے لیے تقریباً 1.08 لاکھ کروڑ روپے (11.5 ارب امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس معاہدے پر اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی، ریاستی حکومت کے اعلیٰ حکام، ابوظہبی کی انٹرنیشنل ہولڈنگ کمپنی (آئی ایچ سی) کے منیجنگ ڈائریکٹراورسی ای او سید بصر شعیب کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اڈانی گروپ کے ڈائریکٹر کرن اڈانی نے کہا کہ آج کا دن صرف ایک تاریخی معاہدے کا گواہ نہیں بلکہ اوڈیشہ کی معیشت کے ایک نئے دور کا آغاز ہے، جو نہ صرف ریاست بلکہ پورے بھارت کی ترقی کی رفتار کو نئی سمت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ ملک کی صنعتی ترقی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
مکمل ایلومینیم ویلیو چین پر مشتمل منصوبہ
مجوزہ منصوبے کے تحت سالانہ تقریباً 40 لاکھ ٹن صلاحیت کی ایلومینا ریفائنری، 20 لاکھ ٹن سالانہ صلاحیت کا ایلومینیم اسمیلٹر اور 10 لاکھ ٹن سالانہ صلاحیت کا ڈاؤن اسٹریم ایلومینیم پارک قائم کیا جائے گا۔ اس طرح خام مال سے لے کر تیار مصنوعات تک پوری ایلومینیم ویلیو چین ایک ہی صنعتی نظام کے تحت کام کرے گی۔اس منصوبے کو تقریباً 4,000 میگاواٹ کی کیپٹو پاور صلاحیت اور 400 میگاواٹ گرین انرجی کی مدد حاصل ہوگی۔ کرن اڈانی نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری دنیا بھر میں ایلومینیم صنعت کے شعبے میں ہونے والی نمایاں سرمایہ کاریوں میں شمار کی جائے گی اور اس سے بھارت میں ایلومینیم مینوفیکچرنگ کو نئی طاقت ملے گی۔
روزگار اور مقامی صنعتوں کو فروغ
اڈانی گروپ کے مطابق منصوبے کی تعمیر کے دوران تقریباً 35 ہزار افراد کو روزگار ملے گا، جبکہ اس کے مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد تقریباً 18 ہزار 500 مستقل اور بالواسطہ ملازمتوں کی حمایت متوقع ہے۔ کرن اڈانی نے کہا کہ ان اعداد و شمار کے پیچھے ہزاروں خاندانوں کے خواب، نوجوانوں کے بہتر مستقبل، چھوٹے کاروباروں کی ترقی اور مقامی صنعت کاروں کے لیے نئے مواقع پوشیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاؤن اسٹریم ایلومینیم پارک کے قیام سے ایم ایس ایم ای سیکٹر، مقامی سپلائرز اور ایلومینیم ویلیو چین سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو بھی نمایاں فائدہ پہنچے گا۔
اوڈیشہ کو صنعتی مرکز بنانے کی سمت میں اہم قدم
کرن اڈانی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے “وکست بھارت 2047” کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اس نوعیت کے بڑے صنعتی منصوبے نہایت اہم ہیں۔ ان کے مطابق ترقی یافتہ بھارت کے لیے ترقی یافتہ اڈیشہ ناگزیر ہے، کیونکہ ریاست معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور یہاں ملک کے سب سے بڑے باکسائٹ ذخائر، 50 فیصد سے زائد آئرن اور، وسیع کوئلے کے ذخائر اور کرومائٹ، مینگنیز، چونے کے پتھر اور ڈولومائٹ جیسے اہم معدنی وسائل موجود ہیں۔انہوں نے اوڈیشہ کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ریاست کے نوجوانوں، مقامی صنعتوں اور کاروباری افراد کے روشن مستقبل کے لیے ہے۔ انہوں نے اوڈیشہ حکومت، آئی ایچ سی ابوظہبی اور دیگر شراکت داروں کا تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ اوڈیشہ کو عالمی صنعتی نقشے پر ایک نئی شناخت دلائے گا۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







