
نئی دہلی: اقوام متحدہ کی تازہ رپورٹ میں بھارت نے ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے، جہاں بچوں کی شرح اموات میں نمایاں کمی درج کی گئی ہے۔ اس پیش رفت پر اقوام متحدہ نے بھارت کی کوششوں کو سراہا ہے، جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے یواین انٹر-ایجنسی گروپ فار چائلڈ مورٹیلٹی اسٹیمیشن (UNIGME) کی 2025 کی رپورٹ کے مطابق، دنیا بھر میں بچوں کی اموات میں کمی لانے میں بھارت نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ میں خاص طور پر نوزائیدہ بچوں اور پانچ سال سے کم عمر بچوں کی اموات کم کرنے کے لیے بھارت کی مسلسل اور وسیع پیمانے پر کی گئی کوششوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، بھارت نے نہ صرف پالیسی سطح پر اقدامات کیے بلکہ انہیں زمینی سطح پر مؤثر طریقے سے نافذ بھی کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔
شرح اموات میں تاریخی کمی
اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات میں تقریباً 70 فیصد کمی آئی ہے، جو 1990 میں 57 سے گھٹ کر 2024 میں 17 رہ گئی ہے۔ اسی طرح پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات میں 79 فیصد کی بڑی کمی دیکھنے کو ملی ہے، جو 1990 میں 127 سے کم ہو کر 2024 میں 27 ہو گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران جنوبی ایشیا میں بچوں کی اموات کم کرنے میں بھی بھارت نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے نتیجے میں پورے خطے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
صحت کے شعبے میں اصلاحات کا اثر
رپورٹ کے مطابق، بھارت میں عوامی صحت کے نظام کو مضبوط بنانے، ٹیکہ کاری کے دائرہ کار کو بڑھانے، ادارہ جاتی زچگی (Institutional Delivery) کو فروغ دینے اور نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت کے نظام کو بہتر بنانے جیسے اقدامات نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ نمونیا، اسہال، ملیریا اور پیدائشی پیچیدگیوں جیسی قابلِ علاج بیماریوں سے ہونے والی اموات میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔ نوزائیدہ انتہائی نگہداشت (NICU) کی سہولیات میں بہتری کے باعث بچوں کی جان بچانے کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم کا ردعمل
وزیراعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں بچوں کی اموات میں تیزی سے کمی کے لیے بھارت کی تعریف کی گئی ہے، جو ملک کے لیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور عوامی فلاحی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ جنوبی ایشیا میں اب بھی دنیا بھر میں پانچ سال سے کم عمر بچوں کی تقریباً 25 فیصد اموات ہوتی ہیں، تاہم اس خطے میں کمی کی رفتار سب سے زیادہ رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ کامیابی نہ صرف قومی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی صحت کے شعبے میں ایک مثبت مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔





