
نئی دہلی :پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی تیاریوں کو تیز کر دیا ہے۔ دہلی میں پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کے اجلاس کے بعد آسام اور کیرالہ کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔ اس اہم میٹنگ میں وزیرِ اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے، جہاں سیٹوں کے فارمولے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
آسام: 88 امیدواروں کے ساتھ ’مشن ریپیٹ‘
آسام میں بی جے پی نے 88 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے ایک مضبوط انتخابی حکمت عملی کا اشارہ دیا ہے۔ پارٹی نے تجربہ کار اور نئے چہروں کے امتزاج کے ذریعے علاقائی اور نسلی توازن قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔گولک گنج سے اشونی رائے سرکار اور دھوبری سے اتم پرساد کو میدان میں اتار کر سرحدی علاقوں میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کا پیغام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیرسنگ جروا سے مادھوی داس، گوالپارہ ویسٹ سے پبتر رابھا اور دودھنوئی سے تنکیشور رابھا کو ٹکٹ دے کر مقامی سیاسی مساوات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ ان ناموں کے اعلان کے ساتھ ہی بی جے پی نے کانگریس اور دیگر علاقائی جماعتوں کے خلاف اپنی مہم تیز کر دی ہے۔
کیرالہ: دوسری فہرست میں 39 نئے نام
کیرالہ میں بی جے پی نے اپنی دوسری فہرست میں 39 امیدواروں کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد پارٹی اب تک 140 میں سے 86 نشستوں پر اپنے امیدوارمیدان میں اتارچکی ہے۔پارٹی نے کاسرگوڈ، کونگڈ اورایرناکولم جیسی اہم نشستوں پرخاص توجہ دی ہے۔ کاسرگوڈ سے اشون ایم ایل ،جب کہ ملاپورم جیسی مشکل سیٹ پر اشونی کمارکو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل پارٹی 47 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر چکی تھی۔سیاسی ماہرین کے مطابق اس حکمت عملی سے واضح ہے کہ بی جے پی کیرالہ میں اس بارسہ رخی مقابلے کو مزید سخت بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
مرکزی انتخابی کمیٹی کا اہم اجلاس
امیدواروں کے انتخاب کے لیے ہونے والے اس اہم اجلاس میں پارٹی قیادت نے ہر سیٹ پر ’جیتنے کی صلاحیت‘ (وِنیبیلٹی) کو بنیادی معیار قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق امت شاہ نے ہدایت دی کہ ٹکٹ دیتے وقت صرف کامیابی کے امکانات کو مدنظر رکھا جائے، جس کے باعث کئی موجودہ اراکین اسمبلی کے ٹکٹ کٹنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ماہرین کا ماننا ہے کہ بی جے پی خاص طور پر ان نشستوں پر توجہ دے رہی ہے جہاں وہ پچھلے انتخابات میں معمولی فرق سے ہاری تھی، اور اسی حکمت عملی کے تحت اس بار اپنی جیت کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔







