
وزیر اعظم نریندر مودی کے 21 نومبر کو مجوزہ دورۂ بہار سے پہلے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پوری ریاست میں تین روزہ علامتی صفائی مہم شروع کی ہے۔ اسی سلسلے میں جمعہ کو راجدھانی پٹنہ کے ہائی کورٹ موڑ پر واقع ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمے کے قریب خصوصی صفائی مہم چلائی گئی۔ اس پروگرام میں بی جے پی کے بہار انچارج اور قومی جنرل سکریٹری ہریش دویدی، ریاستی صدر سنجے سراؤگی اور بہار حکومت کے وزیر تعلیم متھیلیش تیواری سمیت کئی ارکان اسمبلی، لیڈروں اور پارٹی کارکنوں نے حصہ لیا۔
صفائی کی شروعات اپنے گھر سے کرنی ہوگی: سنجے سراؤگی
صفائی مہم کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے سراؤگی نے کہا کہ 21 نومبر کو وزیر اعظم نریندر مودی بہار کی سرزمین ویشالی پہنچ رہے ہیں۔ اسی موقع پر پوری ریاست میں تین روزہ صفائی مہم چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد عام لوگوں تک صفائی کا پیغام پہنچانا اور اسے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانے کے لیے ترغیب دینا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کی شروعات اپنے گھر سے ہی کرنی ہوگی، تبھی ایک صاف ستھرا معاشرہ اور ریاست تشکیل دی جا سکتی ہے۔
کل ’نتیش سیتو‘ کا افتتاح کریں گے وزیر اعظم مودی
وزیر اعظم نریندر مودی 21 نومبر کو اپنے دورۂ بہار کے دوران دریائے گنگا پر تعمیر کیے گئے چھ لین والے ’نتیش سیتو‘ (کچی درگاہ-بیدوپور سکس لین پل) کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ ایک بڑی عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے۔ تقریباً 5571 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس پل کو وزیر اعظم قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس کے شروع ہونے سے شمالی اور جنوبی بہار کے درمیان آمد و رفت آسان ہوگی، راجدھانی پٹنہ پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور پورے خطے میں معاشی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملنے کی امید ہے۔
بی جے پی لیڈروں اور وزرا میں جوش و خروش
وزیر اعظم کے دورے کو لے کر ریاست کے بی جے پی لیڈروں اور وزرا میں خاصا جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار انچارج ہریش دویدی نے کہا کہ وزیر اعظم بہار کو ہزاروں کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا تحفہ دینے جا رہے ہیں۔ ان کی آمد ترقی یافتہ بہار کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ وہیں بہار حکومت کے وزیر متھیلیش تیواری نے کہا کہ سمراٹ چودھری کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد وزیر اعظم کا یہ پہلا دورۂ بہار ہے، جس سے لوگوں کا جوش مزید بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بار بار بہار آنا ریاست کے لیے باعثِ خیر ہے۔اس کے علاوہ وزیر رام کرپال یادو نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے تصور کے مطابق تعمیر ہونے والے اس اہم پل کا نام بھی وزیر اعلیٰ نے انہی کے نام پر رکھا ہے اور اب وزیر اعظم اس کا افتتاح کرنے آ رہے ہیں۔مہاراشٹر حکومت کے وزیر سنجے شیرساٹ نے بھی کہا کہ وزیر اعظم بہار میں کئی اہم ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے والے ہیں۔






