
حیدرآباد/واشنگٹن: امریکہ میں ایک بار پھر بھارتی شہری نفرت انگیز حملے کا شکار ہوگیا۔ تازہ واقعے میں حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان پر مبینہ طور پر اس کا مذہب پوچھنے کے بعد متعدد بار چاقو سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرعلاج ہے۔ اہلِ خانہ نے حکومتِ ہند سے فوری سفارتی مداخلت اور امریکہ جانے کے لیے ایمرجنسی ویزا فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق 37 سالہ سید سہیل الدین گزشتہ ڈھائی برس سے امریکی ریاست یوٹا کے ویسٹ ویلی سٹی میں واقع ویلی فیئر مال میں ایک کیوسک چلا رہے تھے۔ 13 جولائی کو ایک شخص نے ان سے مبینہ طور پر پہلے یہ پوچھا کہ آیا وہ مسلمان ہیں یا نہیں اور جواب ملنے کے بعد ان پر 15 سے زائد مرتبہ چاقو سے حملہ کر دیا۔ پولیس کے پہنچنے سے قبل وہاں موجود چند راہگیروں نے حملہ آور کو قابو کر لیا اور اس کے قبضے سے چاقو چھین لیا۔
حملہ آور کی شناخت اور پولیس کی کارروائی
پولیس نے حملہ آور کی شناخت 48 سالہ پیٹر مائیکل لارسن کے طور پر کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ اس نے مسلمان ہونے کی وجہ سے سہیل الدین کو نشانہ بنایا اور انہیں قتل کرنا چاہتا تھا۔ واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ زخمی سہیل الدین کو ویسٹ ویلی سٹی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اہل خانہ کی حکومت ہند سے اپیل
حیدرآباد کے علاقے ٹولی چوکی سے تعلق رکھنے والے سہیل الدین کے اہل خانہ نے حکومت ہند سے فوری مداخلت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو امریکی حکام کے سامنے اٹھائیں اور خاندان کے افراد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ویزا کے انتظامات کرائیں تاکہ وہ امریکہ جا کر زخمی نوجوان کی دیکھ بھال کر سکیں۔ حملے کی خبر ملتے ہی سہیل الدین کی اہلیہ امرین فردوس صدمے سے بے ہوش ہو گئیں۔ جوڑے کے دو چھوٹے بچے ہیں جن کی عمریں پانچ اور تین سال ہیں۔ سہیل الدین کی بھابھی اسما فردوس نے بھی حکومت ہند سے درخواست کی ہے کہ کم از کم خاندان کے دو افراد کو فوری طور پر ایمرجنسی ویزا دلانے کے لیے امریکی حکام سے رابطہ کیا جائے۔
ایم بی ٹی نے وزیر خارجہ کو لکھا خط
مجلس بچاؤ تحریک (ایم بی ٹی) کے ترجمان امجد اللہ خان نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس۔ جے شنکر کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے کو ہدایت دی جائے کہ وہ زخمی بھارتی شہری سے فوری رابطہ کرے، امریکی حکام کے ساتھ رابطہ قائم رکھے اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن سفارتی اور قونصلر تعاون فراہم کرے۔ امجد اللہ خان نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانے اور حیدرآباد میں امریکی قونصل خانے سے بات کر کے خاندان کے قریبی افراد کے لیے ہنگامی ویزا جاری کرانے کی کوشش کی جائے۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







