
ایودھیا: شری رام جنم بھومی تیرتھ شیتر ٹرسٹ نے شری رام جنم بھومی مندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے پر تقرری کے لیے اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ ٹرسٹ کی جانب سے جاری اشتہار کے مطابق یہ تقرری تین سالہ معاہدے کی بنیاد پر ہوگی، جس میں اطمینان بخش کارکردگی کی صورت میں توسیع بھی کی جا سکے گی۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026 شام 4 بجے مقرر کی گئی ہے۔ منتخب ہونے والا افسر ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری کو رپورٹ کرے گا اور مندر، ٹرسٹ کی انتظامیہ، مالی امور، سکیورٹی، مذہبی سرگرمیوں اور مجموعی انتظام و انصرام کی ذمہ داری سنبھالے گا۔
تعلیمی قابلیت اور تجربے کی شرائط
ٹرسٹ کے مطابق منتخب امیدوار کی تعیناتی ایودھیا میں ہوگی، جبکہ تنخواہ اور دیگر سہولیات باہمی رضامندی سے طے کی جائیں گی۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ امیدوار کا کسی تسلیم شدہ یونیورسٹی سے کم از کم گریجویٹ ہونا ضروری ہے۔ عمر کی حد 50 سے 70 سال مقرر کی گئی ہے جبکہ کسی بڑے سرکاری ادارے، عوامی تنظیم، کمپنی یا محکمے میں کم از کم 20 سال کا انتظامی تجربہ بھی لازمی ہوگا۔
کن امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی؟
ٹرسٹ نے واضح کیا ہے کہ عمومی انتظامیہ، مالیات، اکاؤنٹس، ہیومن ریسورس، تعلقات عامہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سکیورٹی اور قانونی امور میں تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ اسی طرح چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے افراد یا کسی مندر یا ہندو مذہبی ادارے کے انتظام کا تجربہ رکھنے والے امیدواروں کو بھی فوقیت حاصل ہوگی۔ مطلوبہ تجربہ رکھنے والے ریٹائرڈ افسران بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔ ٹرسٹ کے مطابق امیدوار کا فعال طور پر ہندو مذہب پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔ بھگوان شری رام کا عقیدت مند ہونا اور ویشنو روایت سے وابستگی ایک مطلوبہ اضافی اہلیت سمجھی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں پر اچھا عملی عبور بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
سی ای او کی اہم ذمہ داریاں
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر براہِ راست جنرل سیکریٹری کے ماتحت کام کرے گا اور ٹرسٹ کے تمام قانونی، انتظامی اور مالی امور کی نگرانی کرے گا۔ ادارے کے تنظیمی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، موجودہ سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں چلانا اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد بھی اس کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔ سی ای او ٹرسٹ کے تمام افسران اور ملازمین کے اعلیٰ ترین انتظامی سربراہ ہوں گے۔ وہ مالی لین دین، اکاؤنٹنگ نظام اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنائیں گے، جبکہ ضرورت پڑنے پر مقامی، ریاستی اور مرکزی سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ قائم کرتے ہوئے مندر کی سکیورٹی کو بھی مؤثر بنائیں گے۔
مذہبی سرگرمیوں اور زائرین کی سہولت پر خصوصی توجہ
ٹرسٹ کے مطابق سی ای او اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مندر میں پوجا، مذہبی رسومات، تہوار اور دیگر مذہبی سرگرمیاں روایتی اصولوں کے مطابق باقاعدگی سے انجام پائیں۔ اس کے علاوہ زائرین کی سہولت، تحفظ اور اطمینان، نیز خصوصی مہمانوں اور ممتاز سنتوں کے استقبال اور انتظامات بھی ان کی ذمہ داری ہوں گے۔ ٹرسٹ اور شری رام مندر کی ساکھ کو مزید مضبوط بنانا، سناتن روایات کے تحفظ و فروغ میں کردار ادا کرنا، ٹرسٹ کی جائیدادوں کی نگرانی، ٹرسٹ ڈیڈ میں درج مقاصد کے مطابق منصوبہ بندی اور دیگر سپرد کردہ فرائض کی انجام دہی بھی سی ای او کے دائرۂ کار میں شامل ہوگی۔ دلچسپی رکھنے والے امیدوار اپنی درخواست 18 جولائی 2026 شام 4 بجے تک ای میل کے ذریعے






