
یویان (فرانس): وزیراعظم نریندر مودی نے بدھ کو فرانس کے شہر ایویان میں جاری 52ویں جی-7 سربراہ اجلاس کے دوسرے روز متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقات اور تبادلۂ خیال کیا۔ اس دوران انہوں نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا، کینیا کے صدر ولیم روٹو اور اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی سے ملاقات کی اور مختلف دوطرفہ و عالمی امور پر گفتگو کی۔ جی-7 کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری تصاویر میں وزیراعظم نریندر مودی کو اجلاس کے دوران دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ گول میز کانفرنس میں شریک دیکھا گیا۔ تصویر میں ان کے بائیں جانب جرمنی کے چانسلر فریڈرک مرز جبکہ دائیں جانب امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ بیٹھے ہوئے نظر آئے۔

جی-7 کا مشترکہ اعلامیہ جاری
سربراہی اجلاس کے دوران جی-7 ممالک نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یوکرین کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔ اعلامیے میں ہند-بحرالکاہل خطے کی سلامتی، توانائی کے محفوظ نظام اور سپلائی چین کے استحکام کے لیے باہمی تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اعلامیے میں لبنان میں فوری اور مؤثر جنگ بندی کی حمایت کرتے ہوئے لبنانی قیادت کی جانب سے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششوں کی تائید کی گئی، جبکہ غزہ میں انسانی امداد اور تعمیر نو کی سرگرمیوں میں تیزی لانے اور مغربی کنارے میں تشدد کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔
شمالی کوریا اور ہند-بحرالکاہل پر بھی اظہار تشویش
جی-7 رہنماؤں نے ہند-بحرالکاہل کو آزاد اور کھلا خطہ برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور مشرقی و جنوبی بحیرۂ چین اور آبنائے تائیوان میں طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورت حال تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کی مخالفت کی۔ اعلامیے میں شمالی کوریا کے جوہری اور بیلسٹک میزائل پروگرام پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مکمل جوہری تخفیف اسلحہ کا مطالبہ کیا گیا۔ ساتھ ہی شمالی کوریا سے منسلک کرپٹو کرنسی چوری اور سائبر جرائم کے خلاف اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔
میلونی کا وزیراعظم مودی سے دلچسپ مکالمہ وائرل
دریں اثنا، جی-7 اجلاس کے موقع پر اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی اور وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ایک مختصر گفتگو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ مائیک پر ریکارڈ ہونے والی گفتگو میں میلونی نے مسکراتے ہوئے مودی سے کہا، ’’ہم انسٹاگرام کی سب سے مشہور جوڑی ہیں۔‘‘ یہ تبصرہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ تھا، جنہیں سوشل میڈیا پر صارفین اکثر ’’میلوڈی‘‘ کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں۔ اس سے قبل اٹلی کے دورے کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے جارجیا میلونی کو ’’میلوڈی‘‘ نام سے مشابہت رکھنے والی ’’Melody‘‘ ٹافیوں کا تحفہ بھی پیش کیا تھا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر خاصی مقبول ہوئی تھی۔
منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ عزم
جی-7 رہنماؤں نے عالمی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ، منی لانڈرنگ اور سرحد پار منظم جرائم کے خلاف مشترکہ کارروائی تیز کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اعلامیے میں سمندری سلامتی مضبوط بنانے، مجرمانہ مالیاتی نیٹ ورک توڑنے اور سرکاری و نجی اداروں میں جرائم پیشہ عناصر کی دراندازی روکنے کے لیے مشترکہ اقدامات کا اعلان کیا گیا۔
Warning: Trying to access array offset on false in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/momizat_functions.php on line 104
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 66
Warning: Trying to access array offset on null in /home/areomziw/nawaiduggar.com/wp-content/themes/goodnews5/framework/functions/posts_share.php on line 82







