
بی ایم سی (برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن) انتخاب میں ووٹنگ کے دوران انگلی پر لگائی جانے والی سیاہی سے متعلق تنازعہ کافی بڑھ گیا ہے۔ راج ٹھاکرے نے پہلے ہی اس سلسلے میں سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ووٹرس کی انگلی پر بہ آسانی مٹنے والی سیاہی لگائی جا رہی ہے، اب کانگریس نے بھی اس معاملہ میں الیکشن کمیشن پر حملہ کیا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس صدر ہرش وردھن سپکال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ جاری کر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انتخابی عمل کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ مہاراشٹر کانگریس کے آفیشیل ایکس ہینڈل سے ایک ویڈیو بھی اس بارے میں جاری کی گئی ہے۔







