
واجہ غریب نوازکے 814 ویں عرس کے موقع پر کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے کی جانب سے سلطان الہند غریب نوازکی درگاہ پرچادرپیش کی گئی۔ قابل ذکرہے کہ دارالحکومت دہلی سے آل انڈیا کانگریس اقلیتی شعبہ کے قومی صدراورراجیہ سبھا ایم پی عمران پرتاپ گڑھی اس روایتی چادرکے ساتھ راجستھان کے اجمیرشریف پہنچے۔ کانگریس لیڈرعمران پرتاپ گڑھی نے سب سے پہلے غریب نوازکی درگاہ پرچادرپیش کرکے ملک کی خوشحالی، امن وامان، بھائی چارے کی دعا کی۔ زیارت کے بعد درگاہ کے بلند دروازے سے کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے کا زائرین کے نام بھیجے گئے پیغام کوپڑھا۔
کانگریس صدرملیکا ارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں لکھا کہ انتہائی عقیدت اوراحترام کے ساتھ میں خواجہ غریب نوازمعین الدین چشتی اجمیری کے 814 ویں عرس مبارک کے موقع پراپنی اورپوری کانگریس پارٹی کی جانب سے خواجہ کی بارگاہ میں چادرروانہ کرتے ہوئے خود کو بے حد خوش قسمت تصورکررہا ہوں۔ خیال رہے کہ پرخلوص جذبات اورعقیدت کے ساتھ سلطان الہند کے آستانہ مبارک پرچادرچڑھائی جاتی ہے۔ چادرپوشی کا یہ حسین موقع ہمارے وطن کی گنگا-جمنی تہذیب، قومی ایکتا، آپسی بھائی چارہ، پیاراورمحبت، ادب اورواداری کی علامت ہے۔ اس سے پوری دنیا میں یہی پیغام جاتا ہے کہ ہندوستان میں قومی اتحاد اوربھائی چارے کی جڑیں انتہائی گہری ہیں۔







