
قوم کے ترانے وندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دیگر لیڈروں نے لوک سبھا سے خطاب کیا۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی ایوان میں وندے ماترم پر تبادلۂ خیال کیا۔ قننو ج سے لوک سبھا کے رکن اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک کی آزادی میں وندے ماترم نے انقلابیوں کو لا محدود توانائی دی اور آزادی حاصل کرنے میں اس کا اہم کردار رہا ہے۔
وندے ماترم کو صرف گانا نہیں بلکہ اس کی روح کے مطابق عمل کرنا زیادہ ضروری
اکھلیش یادو نے یہ بھی کہا کہ وندے ماترم کو صرف گانا نہیں بلکہ اس کی روح کے مطابق عمل کرنا زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ آج ملک میں سماجی انصاف کی کیا صورتحال ہے۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس کا دعویٰ ہے کہ وہ قوم پرست پارٹی ہے، وہ دراصل قوم مخالف پارٹی ہے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ غلامی کے دور میں جب بھارت کے عوام پر انگریزوں کا ظلم ہو رہا تھا، اس وقت بنکیم چندر چٹوپادھیائے نے یہ گیت لکھا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تخلیق آزادی کی تحریک کی آواز بن گئی اور وندے ماترم ہر بھارتی کے عزم کا جزو بن گیا۔
وزیر اعظم مودی نے اپنے بیان میں کیا کہا؟
وزیر اعظم مودی نے اپنے بیان میں کہا، ہمیں فخر ہونا چاہیے کہ دنیا کی تاریخ میں ایسا کوئی گیت نہیں ہو سکتا، جو صدیوں تک ایک مقصد کے لیے کروڑوں لوگوں کو متاثر کرے اور لوگوں کو اپنی زندگی قربان کرنے کے لیے نکلنے پر مجبور کرے۔ پورے عالم کو معلوم ہونا چاہیے کہ غلامی کے دور میں بھی ہمارے یہاں ایسے لوگ پیدا ہوئے جو اس طرح کے جذباتی گیت تخلیق کر سکتے تھے۔ یہ دنیا کے لیے ایک عجوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس کے بارے میں فخر سے کہنا چاہیے تو دنیا بھی اسے تسلیم کرنا شروع کرے گی۔







