
نئی دہلی: پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جاری ہے اور پیر کو اجلاس کے آٹھویں دن لوک سبھا میں قومی گیت وَندے ماترم کے 150 سال مکمل ہونے کے موقع پر خصوصی بحث کا آغاز ہوا۔ وزیراعظم مودی نے اس تاریخی بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ وَندے ماترم وہ نعرہ ہے جس نے ہندوستان کی آزادی کی تحریک کو نئی سمت، قوت اور ولولہ بخشا۔ وزیراعظم مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن پورے ایوان کے لیے فخر اور عزت کا لمحہ ہے، کیونکہ وہ اس تاریخی سنگِ میل کے گواہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نے اس اہم موقع پر اجتماعی بحث کا راستہ اختیار کیا ہے۔ وہ منتر اور وہ آواز جس نے ملک کی آزادی کے جدوجہد کو طاقت دی، اسی کو آج یاد کرنا ہم سب کے لیے اعزاز ہے‘‘۔
مودی نے کہا کہ وَندے ماترم کی 150 سالہ تاریخ محض ایک گیت کا سفر نہیں بلکہ قوم کی اجتماعی روح، قربانیوں اور جدوجہد کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بحث نہ صرف پارلیمنٹ کی سنجیدگی کو ظاہر کرے گی بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک اہم پیغام چھوڑے گی۔
وزیراعظم نے تاریخی پس منظر بیان کرتے ہوئے بتایا کہ جب وَندے ماترم کی تخلیق کو 50 سال ہوئے تھے، تب ملک غلامی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا اور جب 100 سال مکمل ہوئے تو ملک ایمرجنسی کے اندھیرے دور سے گزر رہا تھا اور آئین کی روح کو دبا دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ دور ملک کی تاریخ کا ’’کالا باب‘‘ تھا جہاں محب وطن افراد کو جیلوں میں ٹھونس دیا گیا۔
مودی نے کہا کہ اب جبکہ 150 سال مکمل ہو رہے ہیں، اس موقع کو دوبارہ قومی فخر اور اتحاد کی علامت کے طور پر منانے کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ وہی وَندے ماترم ہے جس نے 1947 میں ملک کو آزادی دلائی‘‘۔ وزیراعظم نے یقین ظاہر کیا کہ یہ سنگِ میل نئی نسل کے اندر حب الوطنی اور قومی یکجہتی کی نئی روح پیدا کرے گا۔ انہوں نے ایوان سے اپیل کی کہ وہ اس تاریخی لمحے کو ضائع نہ ہونے دیں بلکہ اسے ملک کی اجتماعی طاقت میں بدلیں۔







