
وزیراعظم نریندر مودی 21 سے 23 نومبر 2025 تک جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کا اہم سرکاری دورہ کریں گے، جہاں وہ جنوبی افریقہ کی میزبانی میں منعقد ہونے والے 20ویں جی20 لیڈرز سمٹ میں شرکت کریں گے۔ وزارتِ خارجہ نے بدھ کے روز اس دورے کا باضابطہ اعلان کیا۔ یہ مسلسل چوتھا موقع ہے کہ جی20 سربراہ اجلاس ‘گلوبل ساؤتھ’ یعنی ترقی پذیر ممالک کے علاقے میں منعقد ہو رہا ہے، جو عالمی اقتصادی توازن میں ان خطوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی واضح علامت ہے۔ اس سربراہی اجلاس میں وزیراعظم مودی عالمی چیلنجز پر بھارت کے مؤقف کو پیش کریں گے اور اجلاس کے تین اہم سیشنز میں خطاب کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم مودی ان سیشنز میں شامل ہوں گے جن میں جامع اور پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، آفتوں کے خطرے میں کمی، خوراک کے نظام اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) جیسے ابھرتے ہوئے عالمی موضوعات پر توجہ دی جائے گی۔ پہلے سیشن میں دنیا بھر میں پائیدار معاشی ترقی، تجارتی تال میں، ترقیاتی فنانسنگ اور عالمی قرض بحران جیسے امور پر گفتگو کی جائے گی۔
دوسرے سیشن کا موضوع ’’ایک لچکدار دنیا‘‘ مقرر کیا گیا ہے، جس میں قدرتی آفات کے خطرات میں کمی، موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات، صاف توانائی کے منصفانہ انتقال اور عالمی فوڈ سیکیورٹی سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔ جب کہ تیسرے اور آخری سیشن میں ’’سب کے لیے منصفانہ اور بہتر مستقبل‘‘ کے عنوان کے تحت اہم معدنی وسائل، باوقار روزگار اور مصنوعی ذہانت کے کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال شامل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم مودی اجلاس کے دوران مختلف عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور متعدد اہم معاہدوں اور تعاون کے امکانات پر گفتگو کا امکان ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزیر اعظم آئی بی ایس اے (IBSA) یعنی بھارت، برازیل اور جنوبی افریقہ کے رہنماؤں کی خصوصی میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے، جس کا مقصد جنوبی خطے کے باہمی تعاون کو مستحکم کرنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2023 میں بھارت نے وزیراعظم مودی کی قیادت میں جی20 کی صدارت کے دوران افریقی یونین کو جی20 کا مستقل رکن بنانے کے تاریخی اقدام میں اہم کردار ادا کیا تھا، جو عالمی ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے ایک سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔ جی20 لیڈرز سمٹ 22 اور 23 نومبر کو جنوبی افریقہ کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی مرکز جوہانسبرگ میں منعقد ہوگی، جس کے عالمی پالیسیوں پر طویل مدتی اثرات مرتب ہونے کی توقع ہے۔







