
وزیرِاعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز آندھرا پردیش کے پُٹّاپارتھی میں شری ستیا سائی بابا کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیرِاعظم مودی اور وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے پُٹّاپارتھی میں شری ستیا سائی بابا کی زندگی اور تعلیمات کے اعزاز میں ایک یادگاری سکّہ اور ڈاک ٹکٹوں کا ایک سیٹ جاری کیا۔ پروگرام میں سابق بھارتی کرکٹر سچن تندولکر، اداکارہ ایشوریہ رائے بچن، مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو اور جی کشن ریڈی بھی موجود تھے۔
وزیرِاعظم مودی نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “شری ستیا سائی بابا کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کا یہ سال ہماری نسل کے لیے صرف ایک جشن نہیں، بلکہ خدا کی طرف سے دیا گیا تحفہ ہے۔ آج اگرچہ وہ ہمارے درمیان جسمانی طور پر موجود نہیں ہیں، مگر ان کی تعلیمات، ان کا محبت بھرا رویہ اور خدمت کا جذبہ آج بھی کروڑوں لوگوں کی رہنمائی کر رہا ہے۔”
وزیرِاعظم نے کہا کہ “شری ستیا سائی بابا کی زندگی ‘وسودھیو کٹمبکم’ یعنی ‘پوری دنیا ایک خاندان ہے’ کے فلسفے کی عملی تصویر تھی، اسی لیے ان کا یہ جنم سال ہمارے لیے عالمی محبت، امن اور خدمت کا عظیم تہوار بن گیا ہے۔ ہماری حکومت کے لیے یہ سعادت کی بات ہے کہ اس موقع پر 100 روپے کا یادگاری سکّہ اور ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس سکّے اور ڈاک ٹکٹ میں ان کے خدمت کے کاموں کی عکاسی ہے۔ اس موقع پر میں تمام عقیدت مندوں اور شہریوں کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات دیتا ہوں۔”
انہوں نے کہا کہ شری ستیا سائی بابا کا پیغام صرف کتابوں، وعظ و خطبات اور آشرموں تک محدود نہیں رہا۔ ان کی تعلیمات کا اثر لوگوں کی زندگیوں میں واضح نظر آتا ہے۔ آج بھارت کے بڑے شہروں سے لے کر چھوٹے دیہاتوں، اسکولوں سے لے کر آدیواسی بستیوں تک، ثقافت، تعلیم اور طبی خدمات کا ایک شاندار سلسلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ بابا کے کروڑوں پیروکار بغیر کسی ذاتی مفاد کے اس خدمت میں مصروف ہیں۔ “انسانیت کی خدمت ہی بھگوان کی خدمت ہے” یہ بابا کے پیروکاروں کا سب سے بڑا اصول ہے۔
وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ جب غریب خاندان پہلی بار شری ستیا سائی اسپتالوں میں آتا ہے تو دیکھ کر حیران رہ جاتا ہے کہ اسپتال میں بلنگ کا کوئی کاؤنٹر ہی نہیں ہے۔ یہاں علاج مفت ہے، مگر مریضوں اور ان کے خاندان کو کسی قسم کی تکلیف نہیں ہوتی۔ آج یہاں 20 ہزار سے زیادہ بیٹیوں کے نام پر ‘سُکَنْیا سمرِدِّھی یوجنا’ کے اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جس سے ان بیٹیوں کی تعلیم اور محفوظ مستقبل کو یقینی بنایا گیا ہے۔
وزیرِاعظم نے بتایا کہ بھارتی حکومت نے 10 سال قبل بیٹیوں کی تعلیم پر توجہ دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے ‘سُکَنْیا سمرِدِّھی یوجنا’ شروع کی تھی۔ یہ ملک کی ان منصوبوں میں سے ایک ہے جس میں 8.2 فیصد سب سے زیادہ سود ہماری بیٹیوں کو ملتا ہے۔ اب تک ملک کی 4 کروڑ سے زیادہ بیٹیوں کے اکاؤنٹس اس یوجنا کے تحت کھولے جا چکے ہیں اور اب تک ان بینک اکاؤنٹس میں ساڑھے 3 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ جمع کیے جا چکے ہیں۔ یہ بہت اچھا اقدام ہے کہ یہاں شری ستیا سائی خاندان نے 20 ہزار سُکَنْیا سمرِدِّھی یوجنا اکاؤنٹس کھلوانے کا نیک عمل انجام دیا ہے۔






