
انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ غیر قانونی آن لائن سٹے بازی ایپ سے جڑے منی لانڈرنگ کیس میں سابق کرکٹر رابن اتھپا کو طلب کیا ہے۔ نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ اتھپا فی الحال ایشیا کپ 2025 کی کمینٹری ٹیم کا حصہ ہے، انہیں 22 ستمبر کو ای ڈی کے دفتر میں پیش ہونے کو کہا گیا ہے جبکہ یوراج سنگھ 23 ستمبر کو حاضری دینی ہے۔ اس سے پہلے اس معاملے میں مرکزی ایجنسی نے سریش رینا اور شکھر دھون سے بھی پوچھ گچھ کی تھی۔ یہ معاملہ 1xBet نامی سٹے بازی ایپ پلیٹ فارم سے جڑا ہے۔
ای ڈی پوچھ گچھ کے دوران اتھپا اور یوراج سے سمجھنا چاہتی ہے کہ ان کا اس ایپ (1xBet) میں کیا کردار یا تعلق رہا ہے۔ ای ڈی یہ جانچ کر رہی ہے کہ کیا اتھپا نے اس بیٹنگ ایپ کی تشہیر میں اپنی شبیہ کا استعمال کیا اور اس کے بدلے کوئی ادائیگی لی یا نہیں۔ یہ پوچھ گچھ پی ایم ایل اے کے تحت کی جا رہی ہے اور اتھپا کا بیان بھی اسی قانون کے تحت درج کیا جائے گا۔ ای ڈی اس غیر قانونی نیٹ ورک میں ان کے کسی بھی مالی یا غیر مالی ساجھیداری کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس سے پہلے بھی ای ڈی اس معاملے میں کئی بڑے ناموں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کر چکی ہے۔ حال ہی میں سابق کرکٹر سریش رینا اور شکھر دھون نے بھی ای ڈی کے دفتر میں حاضری دے کر سوالوں کا جواب دیا تھا۔ اس کے علاوہ کچھ دیگر کمپنیاں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی جانچ کے دائرے میں ہیں۔ گزشتہ مہینے ای ڈی نے ایک دیگر آن لائن بیٹنگ ایپ پری میچ سے جڑے معاملے میں کئی ریاستوں میں چھاپہ ماری کی تھی۔
ای ڈی اس وقت کئی ایسے معاملوں کی جانچ کر رہی ہے جو غیر قانونی بیٹنگ ایپس سے جڑے ہیں۔ ایجنسی کا ماننا ہے کہ اس طرح کے بیٹنگ ایپس نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ بڑے پیمانے پر منی لانڈرنگ کی سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں۔ ان ایپس پر الزام ہے کہ اس نے لاکھوں لوگوں اور سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے کی دھوکہ دہی کی ہے یا پھر بڑے پیمانے پر ٹیکس کی چوری کی ہے۔ اس معاملے میں ای ڈی کی کارروائی تیزی سے جاری ہے۔ خاص کر ان اشتہاروں پر جن میں فلمی ستارے اور کرکٹر شامل ہیں۔ اسی کڑی میں اب کرکٹروں اور فلمی ستاروں کے کردار کو لے کر بھی جانچ آگے بڑھائی جا رہی ہے۔







