آج 21 جولائی کو کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کا یومِ پیدائش ہے۔ کھڑگے نے اپنا 83واں یومِ پیدائش پارلیمنٹ میں انتہائی سادگی کے ساتھ منایا۔ اس کی تصویر کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کی ہے اور یہ بھی جانکاری دی ہے کہ کانگریس صدر کے لیے پرینکا گاندھی نے کھجور کا کیک تیار کیا تھا۔
بہرحال، پارلیمنٹ میں کانگریس صدر کا جب کیک کاٹا گیا تو اس وقت کئی اراکین پارلیمنٹ موجود تھے۔ پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی بھی تصویروں میں دکھائی دے رہے ہیں۔ سبھی کی موجودگی میں کھڑگے نے کیک کاٹا۔ کیک کاٹے جانے کے بعد سبھی نے تالیاں بجائیں اور انھیں نیک خواہشات پیش کیں۔ راہل گاندھی نے کیک کا ایک ٹکڑا کانگریس صدر کو کھلایا۔ اس کے بعد کھڑگے نے راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کو کیک کھلایا۔ بعد ازاں پرینکا گاندھی نے کھڑگے کو یومِ پیدائش پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک شال پہنا کر ان کی عزت افزائی کی۔ راہل گاندھی نے کھڑگے کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔