ممبئی ایئر پورٹ پر آج صبح اس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیا جب ایک مسافر طیارہ لینڈنگ کے وقت رَنوے پر بری طرح سے پھسل گیا۔ طیارہ ایئر انڈیا ایئرلائنس کا تھا جو کیرالہ کے کوچی سے ممبئی آیا تھا۔ طیارہ کی جب لینڈنگ ہو رہی تھی تو وہ رَنوے پر پھسل گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شدید بارش کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا اور طیارہ کے تینوں ٹائر پھٹ گئے۔ اچھی بات یہ رہی کہ اس حادثہ میں مسافروں کو کسی طرح کی چوٹ نہیں پہنچی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جس وقت یہ حادثہ پیش آیا، اس وقت ممبئی میں شدید بارش ہو رہی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ لینڈنگ میں کافی چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی طرح ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 2744 کی لینڈنگ کرائی گئی، اور اس دوران فلائٹ رَنوے پر پھسل گئی۔ اس حادثہ میں کسی کے بھی زخمی ہونے کی خبر سامنے نہیں آئی ہے۔
چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈہ (سی ایس ایم آئی اے) کی طرف سے بھی اس حادثہ پر بیان جاری کیا گیا ہے۔ سی ایس ایم آئی اے کا کہنا ہے کہ ’’21 جولائی 2025 کی صبح 09.27 بجے کوچی سے آ رہا ایک طیارہ ممبئی ایئرپورٹ کے رَنوے پر اترتے وقت پھسل گیا۔ حادثہ کے فوراً بعد سی ایس ایم آئی اے کی ایمرجنسی رسپانس ٹیم فوراً جائے حادثہ پر پہنچی۔ سبھی مسافروں اور عملہ کے اہلکاروں کو فوری طور پر طیارہ سے اتار لیا گیا۔ وہ سبھی محفوظ ہیں۔ مین رَنوے 27/29 کو معمولی نقصان کی اطلاع ملی ہے۔ آپریشن کی مستقل مزاجی یقینی بنانے کے لیے سیکنڈری رَنوے 32/14 کو فعال کر دیا گیا ہے۔ سی ایس ایم آئی اے میں حفاظت ہمیشہ ہماری اعلیٰ ترجیح رہتی ہے۔‘‘