چھتیس گڑھ کے بیمیترا ضلع میں ہفتہ کو دھماکہ خیز مادہ بنانے والی ایک فیکٹری میں دھماکہ سے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ اس دھماکہ میں چھ دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور کچھ اشخاص لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ ضلع انتظامیہ کے ایک افسر نے اس سلسلے میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ بیرلا ڈیولپمنٹ بلاک کے پیردا گاؤں کے پاس واقع دھماکہ خیز مادہ بنانے والی فیکٹری میں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ خبر ملنے کے فوراً بعد پولیس اور بچاؤ ٹیم جائے حادثہ پر پہنچے۔
رائے پور کے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر اسپتال کی رابطہ عامہ افسر (پی آر او) شبھرا سنگھ نے بتایا کہ ’’دھماکہ میں زخمی ہوئے چھ لوگوں کو علاج کے لیے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر میموریل اسپتال رائے پور لایا گیا ہے۔ جبکہ ایک شخص کی موت ہو گئی ہے۔‘‘
شبھرا سنگھ نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جائے حادثہ پر نامہ نگاروں سے بات چیت میں بیمیترا ضلع مجسٹریٹ رنبیر شرما نے کہا کہ جائے حادثہ پر فائر بریگیڈ کی ٹیم اور ریاستی آفات رد عمل فورس (ایس ڈی آر ایف) کے جوانوں کی تعیناتی کی گئی ہے۔ رنبیر شرما کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے ملبہ صاف ہونے کے تین چار گھنٹے بعد حالات واضح ہو جائیں گے۔
ضلع مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ چھ زخمیوں کو علاج کے لیے رائے پور بھیجا گیا ہے۔ کچھ عینی شاہدین نے مقامی نیوز چینلز کو بتایا کہ دھماکہ کے وقت فیکٹری میں کم از کم 100 افراد کام کر رہے تھے اور کئی لوگ ایسے ہیں جو ابھی لاپتہ ہیں۔ ان کے ملبہ میں پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔