ممبئی: آئی پی ایل ٹیم کے کے آر کے شریک مالک شاہ رخ خان بدھ کو گرمی برداشت نہ کر سکے۔ پانی کی کمی کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ مینیجر پوجا ددلانی نے ان کی حالات کے تعلق سے معلومات دی ہیں۔ کنگ خان کی منیجر نے سوشل میڈیا پوسٹ کر کے ان کی صحت کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر پوجا نے لکھا، ’’میں مسٹر خان کے مداحوں اور خیر خواہوں کو بتاتی ہوں کہ وہ اب ٹھیک ہیں۔ آپ کی محبت، آپ کی دعاؤں اور آپ کی فکر کا بہت بہت شکریہ۔‘‘
خیال رہے کہ کل یعنی 22 مئی 2024 کو شاہ رخ خان کی طبیعت ہیٹ اسٹروک کے باعث بگڑ گئی تھی اور ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے انہیں احمد آباد کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ انہیں دوپہر ایک بجے شہر کے کے ڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جس کے بعد شام تک ان کی اہلیہ گوری خان بھی اسپتال پہنچ گئی تھیں۔
اداکارہ جوہی خان بھی اپنے شوہر جے مہتا کے ساتھ شاہ رخ خان کا حال جاننے کے لیے اسپتال گئیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کنگ خان کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا، ’’شاہ رخ کل رات ٹھیک نہیں تھے لیکن ان کا خیال رکھا جا رہا ہے اور وہ آج شام کافی بہتر محسوس کر رہے ہیں۔ انشاء اللہ، وہ جلد ہی کھڑے ہوں گے اور ویک اینڈ پر جب ہم فائنل کھیلیں گے تو وہ اسٹینڈز میں ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
آئی پی ایل کوالیفائر 1 کا میچ 21 مئی 2024 کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا اور شاہ رخ خان اپنی آئی پی ایل ٹیم کے کے آر کو سپورٹ کرنے اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ وہ سٹیڈیم میں بیٹے ابرام اور بیٹی سوہانا خان کے ساتھ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے۔