کرناٹک کے بنگلورو شہر میں تین ہوٹلوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملی ہے۔ یہ دھمکی جمعرات (23 مئی) کو ایک ای میل کے ذریعے دی گئی ہے، جس کے بعد پولیس نے تینوں ہوٹلوں میں سیکوریٹی بڑھا دی ہے۔ اس کے علاوہ بم اسکواڈ اور پولیس کی کئی ٹیمیوں کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ شہر کی پولیس کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل 14 مئی کو بنگلورو کے 8 پرائیویٹ اسکولوں کو بھی بم کی دھمکیاں ملی تھیں۔ تفتیش کے دوران یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔ اس کے باوجود پولیس نے اسکولوں کے ارد گرد سیکورٹی بڑھا دی تھی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل 2024 میں دہلی-این سی آر، جے پور ، احمد آباد و اتر پردیش اور بنگلور کے کئی اسکولوں کو بم کی دھمکیوں والی ای میل بھیجی گئی تھیں، اس سے کافی خوف وہراس پھیل گیا تھا۔ بعد میں یہ تمام دھمکیاں بھی افواہیں ثابت ہوئیں تھیں۔ اس دھمکی کے بعددہلی پولیس الرٹ موڈ پر ہے اور اس نے حفاظتی انتظامات بڑھا دیے ہیں۔دہلی پولیس نے 17 مئی کو دہلی ہائی کورٹ میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں اس نے شہر بھر میں پانچ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور 18 بم ڈیٹکشن ٹیمیوں کی تعیناتی کی اطلاع دی تھی۔