نئی دہلی: وزیر اعظم مودی کے آج ہریانہ اور پنجاب میں جلسوں سے خطاب کرنے سے قبل کانگریس نے ان پر پر حملہ بولا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے کئی سوال پوچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے گزشتہ 5 سالوں سے ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے کسانوں کی تحریک کو مسلسل نظر انداز کیا ہے۔ کسانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اب وہ پرالی جلانے پر پنجاب اور ہریانہ کے کسانوں سے ایم ایس پی چھیننے کی بات کر رہے ہیں۔ کانگریس پارٹی اس پالیسی کی سخت مخالفت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسانا آنے والی انڈیا اتحاد کی حکومت کی اولین ترجیح ہوگی۔ ہم نے اپنے نیائے پتر (انتخابی منشور) میں کسانوں کے لئے 5 ٹھوس ضمانتیں دی ہیں۔
صحیح دام – سوامی ناتھن فارمولے پر مبنی ایم ایس پی کی قانونی ضمانت
قرض کی معافی – قرض کی معافی کے منصوبے کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے مستقل کمیشن
بیمہ کی ادائیگی کی براہ راست منتقلی – فصل کے نقصان کے 30 دنوں کے اندر رقم براہ راست اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی
مناسب درآمدی برآمدی پالیسی – نئی درآمدی برآمدی پالیسی کسانوں کے مشورے سے بنائی جائے گی
جی ایس ٹی سے پاک کھیتی – کھیتی کے لیے ضروری ہر چیز سے جی ایس ٹی کو ہٹا دیا جائے گا
خیال رہے کہ عام انتخابات کے چھٹے مرحلہ کی تشہیر آج یعنی جمعرات کی شام ختم ہو جائے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی آج ہریانہ اور پنجاب میں منعقدہ انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پہلی ریلی ہریانہ کے بھیوانی-مہیندر گڑھ لوک سبھا حلقہ میں دوپہر 2 بجے منعقد ہوگی۔ اس کے بعد پی ایم مودی 4.30 بجے پنجاب کے پٹیالہ میں جلسہ عام کریں گے۔ پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ کی اہلیہ پرنیت کور پٹیالہ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہی ہیں۔