اتر پردیش کے فرخ آباد پارلیمانی حلقہ میں آنے والے ایٹہ ضلع کےایک پولنگ مرکز پر ایک 17 سالہ نوجوان کو مبینہ طور سے بی جے پی امیدوار کے حق میں سات مرتبہ فرضی ووٹنگ کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی متعلقہ پولنگ مرکز کی پولنگ ٹیم کے سبھی اراکین کو معطل کرنے اور اس پولنگ مرکز پر از سر نو ووٹنگ کی ہدایت دی گئی ہے۔
سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے اس فرضی ووٹنگ سے متعلق ایک ویڈیو ’ایکس‘ پر شیئر کی ہے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس سلسلے میں بیان شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اپنی شکست سامنے دیکھ کر بی جے پی مینڈیٹ کو جھٹلانے کے لیے سرکاری نظام پر دباؤ بنا کر جمہوریت کو لوٹنا چاہتی ہے۔‘‘
رِنوا نے فرضی ووٹ ڈالنے والے نوجوان سے متعلق بتایا کہ ملزم کو پولیس نے پکڑ لیا ہے اور اس کے خلاف متعلقہ دفعات میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں نوجوان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی اور اسے حراست میں لے لیا۔ ایک افسر نے پیر کے روز یہ جانکاری دی۔ ایف آئی آر کے مطابق 13 مئی کو علی گنج (ایٹہ) اسمبلی سیٹ کے تحت تھانہ نیا گاؤں کے گرام کھریا پماران کے بوتھ نمبر 343 پر پردھان انل ٹھاکر کے بیٹے نے تقریباً سات سے آٹھ مرتبہ فرضی ووٹ ڈالے اور اس کی باقاعدہ ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر خود پوسٹ بھی کیا۔
نیا گاؤں تھانہ کے انچارج رتیش ٹھاکر نے پیر کے روز بتایا کہ نابالغ کی شناخت کرنے کے بعد اسے حراست میں لے کر آگے کی قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ فرخ آباد پارلیمانی حلقہ میں اس ضلع کی قائم گنج، امرت پور، فرخ آباد اور بھوجپور اسمبلی سیٹیں آتی ہیں۔ ایٹہ ضلع کی علی گنج اسمبلی سیٹ بھی اسی لوک سبھا حلقہ کا حصہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سماجوادی پارٹی کے چیف اکھلیش یادو نے اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ’’اگر الیکشن کمیشن کو لگے کہ یہ غلط ہوا ہے تو وہ کچھ کارروائی ضرور کرے، نہیں تو… بی جے پی کی بوتھ کمیٹی، دراصل لوٹ کمیٹی ہے۔‘‘ اکھلیش کے ذریعہ شیئر کردہ ویڈیو میں ایک نابالغ بی جے پی امیدوار کے حق میں بار بار ووٹ ڈال کر انگلیوں سے اسے بتا رہا ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے اکھلیش یادو کے اس پیغام کو اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے شیئر کیا تھا اور لکھا تھا کہ ’’اپنی شکست سامنے دیکھ کر بی جے پی مینڈیٹ کو جھٹلانے کے لیے سرکاری نظام پر دباؤ بنا کر جمہوریت کو لوٹنا چاہتی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کانگریس الیکشن ڈیوٹی کر رہے سبھی افسران سے یہ امید کرتی ہے کہ وہ اقتدار کے دباؤ کے سامنے اپنی آئینی ذمہ داری نہ بھولیں۔‘‘