لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے کے لیے 8 ریاستوں میں 49 سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔ ان میں ممبئی کی 6 سیٹیں بھی شامل ہیں۔ ممبئی میں بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات پولنگ مراکز پہنچ کر ووٹ ڈالتی نظر آ رہی ہیں۔ انہی میں بالی ووڈ کے مشہور اداکار سوشانت سنگھ بھی ہیں جنہوں نے اپنا شہری و جمہوری فریضہ ادا کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سوشانت سنگھ نے ووٹ ڈالنے کے بعد اپنی بیوی کے ساتھ ’ایکس‘ پر ایک تصویرشیئر کرتے ہوئے نفرت پھیلانے والوں کو سخت پیغام دیا ہے۔
ممبئی میں لوک سبھا کے پانچویں مرحلے میں اب تک اکشے کمار، راجکمار راؤ، جھانوی کپور، سانیا ملہوترا، شریا سرن، رندیپ ہوڈّا، عامر خان سمیت پردۂ سیمیں کے کئی ستارے ووٹ ڈال چکے ہیں۔ انہیں میں اداکار سوشانت سنگھ کا نام بھی شامل ہے۔ ووٹ دینے کے بعد سوشانت سنگھ نے اپنی اہلیہ مولینا سنگھ کے ساتھ ایک تصویر اپلوڈ کی ہے اور لکھا ہے کہ ’ہم تو محبت کرے گا… نفرت کے خلاف ووٹ دیا‘۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ اتر پردیش کے بجنور کے رہنے والے ہیں۔ اپنی بہترین اداکاری کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں انہوں نے علاحدہ شناخت بنائی ہے۔ سوشانت کئی ہٹ فلموں جیسے جنگل، ڈرنا منع ہے، دم، لکشیہ، کون، رکت چرتر میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے دی لیجنڈ آف بھگت سنگھ میں اجے دیوگن کے ساتھ سکھ دیو کا کردار ادا کیا تھا۔ وہ مشہور ٹی وی شو ’ساودھان انڈیا‘ کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔ اس شو کے ذریعے وہ ہر گھر میں پہچ گئے تھے۔ سوشانت سنگھ نفرت کی سیاست کے خلاف ہمیشہ سینہ سپر رہے ہیں۔ سی اے اے و این آر سی مخالف تحریک میں وہ بیشتر احتجاجات میں شریک ہوتے رہے۔ ان کی اہلیہ مولینا سنگھ کتھک ڈانسر اور ایک بہترین اداکارہ بھی ہیں۔ مولینا ٹھمری ڈانس بھی اچھی طرح جانتی ہیں۔ مولینا نے فلم ’لگا چنری میں داغ‘ میں ٹھمری ڈانس کی کوریوگرافی بھی کی تھی۔