لوک سبھا انتخاب کا دوسرا مرحلہ 26 اپریل کو اختتام پذیر ہو گیا، اور اس کے اگلے ہی دن، یعنی آج مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی زخمی ہو گئی ہیں۔ وہ اگلے مراحل کے لیے انتخابی تشہیر کی تیاری کر رہی تھیں اور درگاپور میں ہیلی کاپٹر میں داخل ہو رہی تھیں جب ان کا پیر پھسل گیا۔ اس وجہ سے وہ ہیلی کاپٹر کے دروازے پر ہی گر گئیں۔ حالانکہ انھوں نے اپنا سفر منسوخ نہیں کیا اور آسنسول کے لیے روانہ ہو گئیں۔ کہا جا رہا ہے کہ چوٹ زیادہ سنگین نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اس حادثہ کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں چڑھتے وقت وہ جب سیڑھیوں سے اوپر پہنچیں اور ہیلی کاپٹر میں داخل ہوئیں تو اسی وقت ان کا پیر پھسل گیا اور وہ گر گئیں۔ انھیں گرتا دیکھ کر وہاں موجود سیکورٹی اہلکار نے انھیں اٹھایا۔ ہیلی کاپٹر میں گرنے کے سبب ممتا بنرجی کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب ممتا بنرجی اس طرح زخمی ہوئی ہیں۔ وہ پہلے بھی کئی بار زخمی ہو چکی ہیں اور کچھ مواقع پر تو انھیں گہری چوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔ حال ہی میں ممتا بنرجی کو ان کی رہائش پر چوٹ لگی تھی۔ احاطہ میں ٹہلنے کے دوران وہ گر گئیں تھی جس کے سبب ان کے سر پر گہرا زخم ہو گیا تھا۔ انھیں فوراً علاج کے لیے ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انھیں ٹانکے بھی لگائے گئے تھے۔
اس سے قبل 2021 میں انتخابی تشہیر کے دوران وہ زخمی ہوئی تھیں۔ تب نندی گرام میں انھیں کچھ لوگوں نے دھکا دیا تھا جس کی وجہ سے ان کے پیر میں چوٹ لگی تھی۔ ریاپارا میں ایک مندر کے باہر یہ حادثہ پیش آیا تھا جسے انھوں نے سازش کا حصہ قرار دیا تھا۔ اس کے بعد ان کے پیر پر پلاسٹر لگایا گیا تھا جس کی تصویر بہت وائرل بھی ہوئی تھی۔